(۱۹) وَكَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ عِنْدَ الْاِسْتِسْقَآءِ بَعْدَ الْجَدْبِ۔ دُعا (۱۹) قحط سالی کے موقع پر طلبِ باراں کی دُعا:

اَللّٰهُمَّ اسْقِنَا الْغَیْثَ
1
بارالٰہا! ابرِ باراں سے ہمیں سیراب فرما
1
وَانْشُرْ عَلَیْنَا رَحْمَتَكَ
2
اور ہم پر دامن رحمت پھیلا
2
بِغَیْثِكَ الْمُغْدِقِ مِنَ السَّحَابِ الْمُنْسَاقِ
3
ان ابروں کے ذریعہ جو موسلادھار بارشوں کے ساتھ
3
لِنَبَاتِ اَرْضِكَ الْمُوْنِقِ فِیْ جَمِیْعِ الْاٰفَاقِ۔
4
زمین کے سبزۂ خوش رنگ کی روئیدگی کا سرو سامان لئے ہوئے اطراف عالم میں روانہ کئے جاتے ہیں۔
4
وَامْنُنْ عَلٰى عِبَادِكَ بِاِیْنَاعِ الثَّمَرَةِ
5
اور پھلوں کے پختہ ہونے سے اپنے بندوں پر احسان فرما
5
وَاَحْیِ بِلَادَكَ بِبُلُوْغِ الزَّهَرَةِ
6
اور شگوفوں کے کھلنے سے اپنے شہروں کو زندگیٔ نو بخش
6
وَاَشْهِدْ مَلٰٓئِكَتَكَ الْكِرَامَ السَّفَرَةَ بِسَقْیٍ مِّنْكَ نَافِعٍ
7
اور اپنے معزز و باوقار فرشتوں اور سفیروں کو ایسی نفع رساں بارش پر آمادہ کر
7
دَآئِمٍ غُزْرُهٗ
8
جس کی فراوانی دائم اور روانی ہمہ گیر ہو
8
وَاسِعٍ دِرَرُهٗ
9
اور بڑی بوندوں والی
9
وَابِلٍ سَرِیْعٍ عَاجِلٍ
10
تیزی سے آنے والی اور جلد برسنے والی ہو
10
تُحْیِیْ بِهٖ مَا قَدْ مَاتَ
11
جس سے تو مردہ چیزوں میں زندگی دوڑا دے
11
وَتَرُدُّ بِهٖ مَا قَدْ فَاتَ
12
گزری ہوئی بہاریں پلٹا دے
12
وَتُخْرِجُ بِهٖ مَا هُوَاٰتٍ
13
اور جو چیزیں آنے والی ہیں انہیں نمودار کر دے
13
وَتُوَسِّعُ بِهٖ فِی الْاَقْوَاتِ
14
اور سامان معیشت میں وسعت پیدا کر دے
14
سَحَابًا مُّتَرَاكِمًا
15
ایسا ابر چھائے جو تہہ بہ تہہ
15
هَنِیْٓئًا مَّرِیْٓئًا
16
خوش آئند و خوشگوار
16
طَبَقًا مُّجَلْجَلًا
17
زمین پر محیط اور گھن گرج والا ہو
17
غَیْرَ مُلِثٍّ وَدْقُهٗ
18
اور اس کی بارش لگاتار نہ برسے (کہ کھیتوں اور مکانوں کو نقصان پہنچے)
18
وَلَا خُلَّبٍ بَرْقُهٗ۔
19
اور نہ اس کی بجلی دھوکا دینے والی ہو (کہ چمکے گرجے اور برسے نہیں)۔
19
اَللّٰهُمَّ اسْقِنَا غَیْثًا مُّغِیْثًا
20
بارالٰہا! ہمیں اس بارش سے سیراب کر جو خشک سالی کو دور کرنے والی
20
مَّرِیْعًا مُّمْرِعًا
21
(زمین سے) سبزہ اُگانے والی، (دشت و صحرا کو) سر سبز کرنے والی
21
عَرِیْضًا وَّاسِعًا غَزِیْرًا
22
بڑے پھیلاؤ اور بڑھاؤ اور ان تھاہ گہراؤ والی ہو
22
تَرُدُّ بِهِ النَّهِیْضَ
23
جس سے تو مرجھائی ہوئی گھاس کی رونق پلٹا دے
23
وَتَجْبُرُ بِهِ الْمَهِیْضَ۔
24
اور سوکھے سڑے سبزے میں جان پیدا کر دے۔
24
اَللّٰهُمَّ اسْقِنَا سَقْیًا تُسِیْلُ مِنْهُ الظِّرَابَ
25
خدایا! ہمیں ایسی بارش سے سیراب کر جس سے تو ٹیلوں پر سے پانی کے دھارے بہا دے
25
وَتَمْلَاُ مِنْهُ الْجِبَابَ
26
کنویں چھلکا دے
26
وَتُفَجِّرُ بِهِ الْاَنْهَارَ
27
نہریں جاری کر دے
27
وَتُنبِتُ بِهِ الْاَشْجَارَ
28
درختوں کو تر و تازہ و شاداب کر دے
28
وَتُرْخِصُ بِهِ الْاَسْعَارَ فِیْ جَمِیْعِ الْاَمْصَارِ
29
شہروں میں نرخوں کی ارزانی کر دے
29
وَتَنْعَشُ بِهِ الْبَهَآئِمَ وَالْخَلْقَ
30
چوپاؤں اور انسانوں میں نئی روح پھونک دے
30
وَتُكْمِلُ لَنا بِهٖ طَیِّبَاتِ الرِّزْقِ
31
پاکیزہ روزی کا سرو سامان ہمارے لئے مکمل کر دے
31
وَتُنبِتُ لَنا بِهِ الزَّرْعَ
32
کھیتوں کو سر سبز و شاداب کر دے
32
وَتُدِرُّ بِهِ الضَّرْعَ
33
اور چوپاؤں کے تھنوں کو دودھ سے بھر دے
33
وَتَزِیْدُنَا بِهٖ قُوَّةً اِلٰى قُوَّتِنَا۔
34
اور اس کے ذریعہ ہماری قوت و طاقت میں مزید قوت کا اضافہ کر دے۔
34
اَللّٰهُمَّ لَا تَجْعَلْ ظِلَّهٗ عَلَیْنَا سَمُوْمًا
35
بارالٰہا! اس ابر کی سایہ افگنی کو ہمارے لئے جھلسا دینے والا لو کا جھونکا نہ قرار دینا
35
وَلَا تَجْعَلْ بَرْدَهٗ عَلَیْنَا حُسُوْمًا
36
اور نہ اس کی خنکی کو نحوست کا سرچشمہ،
36
وَلَا تَجْعَلْ صَوْبَهٗ عَلَیْنَا رُجُوْمًا
37
اور نہ اس کے برسنے کو عذاب کا پیش خیمہ،
37
وَلَا تَجْعَلْ مَآئَهٗ عَلَیْنَاۤ اُجَاجًا۔
38
اور اس کے پانی کو (ہمارے کام و دہن کیلئے) شور نہ قرار دینا۔
38
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ
39
بار الٰہا! رحمت نازل فرما محمدؐ اور ان کی آلؑ پر
39
وَارْزُقْنَا مِن بَرَكَاتِ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضِ
40
اور ہمیں آسمان و زمین کی برکتوں سے بہرہ مند کر
40
اِنَّكَ عَلٰى‏ كُلِّ شَیْ‏ءٍ قَدِیْرٌ۔
41
اس لئے کہ تو ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔
41

جب بارش کے رک جانے سے خشک سالی کے آثار ظاہر ہوتے ہیں تو اس سے سب ہی متاثر ہوتے ہیں۔ زمین پر تشنگی و بے آبی کی وجہ سے خاک اُڑتی ہے اور سیرابی کے نہ ہونے سے مردہ ہو جاتی ہے۔ ہرے بھرے کھیت مُرجھا کر رہ جاتے ہیں۔ حیوان بوکھلائے ہوئے پریشان حال پھرتے ہیں۔ کسان حسرت بھری نظروں سے آسمان کو دیکھتا اور مایوسی سے سر جھکا لیتا ہے۔ غرض ہر چہرہ قحط زدگی سے اُداس اُداس نظر آتا ہے۔ اس موقع پر گناہوں سے توبہ و استغفار کرنا، اللہ سے لَو لگانا اور اس سے بارش کی دعا مانگنا چاہیے کہ یہی اس کا حل ہے۔ اور بہتر یہ ہے کہ نماز کے بعد دعا مانگے کہ وہ جلد مستجاب ہوتی ہے اور اس سے بہتر یہ ہے کہ ”نمازِ استسقاء“ کی صورت میں دعا کرے۔

”نمازِ استسقاء“ کا طریقہ یہ ہے کہ جمعہ کے دن خطیب یہ اعلان کرے کہ لوگ اپنے اخلاق و اطوار شائستہ بنائیں، توبہ و استغفار کریں، حقوق سے سبکدوش ہوں اور کل سے تین روزے مسلسل رکھیں اور تیسرے دن عجز و انکسار کے ساتھ توبہ و استغفار کرتے ہوئے صحرا کی طرف نکل کھڑے ہوں۔ اس طرح کہ جوتے اُتار کر ہاتھوں میں اٹھا لیں۔ بچے، بوڑھے، بوڑھی عورتیں اور چوپائے بھی ساتھ ہوں اور بچوں کو ماؤں سے علیحدہ کر دیا جائے اور صحرا میں پہنچ کر مؤذن تین مرتبہ اَلصَّلٰوةَ پکارے اور امام دو رکعت نمازِ استسقاء کی نیت کرے اور حمد و سورۃ بلند آواز سے پڑھے۔ سورۃ ختم کرنے کے بعد پانچ مرتبہ تکبیر کہے اور ہر تکبیر کے بعد قنوت کیلئے ہاتھ اٹھائے اور یہ دعا پڑھے:\n اَللّٰهُمَّ اسْقِ عِبَادَكَ وَاِمَآئَكَ وَ بَهَآئِمَكَ، وَانْشُرْ رَحْمَتَكَ، وَاَحْیِ بِلَادَكَ الْمَيْتَةَ۔

بارِ الہٰا! تو اپنے بندوں، کنیزوں اور چوپایوں کو سیراب فرما اور اپنے دامن رحمت کو پھیلا دے اور اپنے مُردہ شہروں میں پھر سے زندگی پیدا کر دے۔۱

پھر چھٹی تکبیر کہہ کر رکوع میں جائے اور دونوں سجدوں کے بعد دوسری رکعت کیلئے اٹھ کھڑا ہو اور حمد و سورۃ کے بعد چار مرتبہ تکبیر کہے اور ہر تکبیر کے بعد یہی دعائے قنوت پڑھے اور پانچویں تکبیر کہہ کر رکوع میں جائے اور سجود اور تشہد کے بعد نماز ختم کرے اور ختم نماز کے بعد منبر پر جائے اور عبا کا دایاں حصہ بائیں طرف اور بایاں حصہ دائیں طرف کر لے۔ عبا کو اس طرح الٹنے سے اس طرف اشارہ ہے کہ خداوند عالم اسی طرح موسم میں تبدیلی کر سکتا اور خشک سالی کو شادابی و سیرابی سے بدل سکتا ہے۔ پھر دو خطبے پڑھے اور خطبوں سے فارغ ہونے کے بعد قبلہ رخ ہو کر سو مرتبہ اَللهُ اَکْبَرُ کہے۔ پھر دائیں طرف رخ کرے اور سو مرتبہ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللهُ کہے۔ پھر بائیں طرف رُخ کرے اور سو مرتبہ سُبْحَانَ اللهِ کہے۔ پھر لوگوں کی طرف منہ کر کے سو مرتبہ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ کہے۔ اور دوسرے لوگ بھی ان کلمات کو ساتھ ساتھ دہراتے جائیں۔ یہ نماز طلوعِ آفتاب سے لے کر زوالِ آفتاب تک پڑھی جا سکتی ہے۔

ریاض السالکین، ج ۳ ص ۲۳۲