(۲) وَ كَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ بَعْدَ هٰذَا التَّحْمِیْدِ فِی الصَّلٰوةِ عَلٰى رَسُوْلِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ اٰلِهٖ۔ دُعا (۲) تحمید و ستائش کے بعد رسولؐ اللہ پر درود و سلام کے سلسلہ میں آپؑ کی دُعا:

وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْ مَنَّ عَلَیْنَا بِمُحَمَّدٍ نَّبِیِّهٖ صَلَّى اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ اٰلِهٖ
1
تمام تعریف اُس اللہ تعالیٰ کیلئے ہے جس نے اپنے پیغمبر محمدؐ کی بعثت سے ہم پر وہ احسان فرمایا
1
دُوْنَ الْاُمَمِ الْمَاضِیَةِ وَالْقُرُوْنِ السَّالِفَةِ
2
جو نہ گزشتہ امتوں پر کیا اور نہ پہلے لوگوں پر
2
بِقُدْرَتِهِ الَّتِیْ لَا تَعْجِزُ عَنْ شَیْ‏ءٍ وَّ اِنْ عَظُمَ
3
اپنی اس قدرت کی کارفرمائی سے جو کسی شے سے عاجز و درماندہ نہیں ہوتی اگرچہ وہ کتنی ہی بڑی ہو
3
وَلَا یَفُوْتُهَا شَیْ‏ءٌ وَّ اِنْ لَّطُفَ
4
اور کوئی چیز اس کے قبضہ سے نکلنے نہیں پاتی اگرچہ وہ کتنی ہی لطیف و نازک ہو۔
4
فَخَتَمَ بِنَا عَلٰى جَمِیْعِ مَنْ ذَرَاَ
5
اس نے اپنے مخلوقات میں ہمیں آخری اُمت قرار دیا
5
وَجَعَلَنَا شُهَدَآءَ عَلٰى مَنْ جَحَدَ
6
اور انکار کرنے والوں پر گواہ بنایا
6
وَكَثَّرَنَا بِمَنِّهٖ عَلٰى مَنْ قَلَّ۔
7
اور اپنے لطف و کرم سے کم تعداد والوں کے مقابلہ میں ہمیں کثرت دی۔
7
اَللّٰهُمَّ فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ اَمِیْنِكَ عَلٰى وَحْیِكَ
8
اے اللہ! تو رحمت نازل فرما محمدؐ اور ان کی آلؑ پر جو تیری وحی کے امانتدار
8
وَنَجِیْبِكَ مِنْ خَلْقِكَ
9
تمام مخلوقات میں تیرے برگزیدہ
9
وَصَفِیِّكَ مِنْ عِبَادِكَ
10
تیرے بندوں میں پسندیدہ
10
اِمَامِ الرَّحْمَةِ، وَقَآئِدِ الْخَیْرِ
11
رحمت کے پیشوا، خیر و سعادت کے پیشرو
11
وَمِفْتَاحِ الْبَرَكَةِ۔
12
اور برکت کا سرچشمہ تھے۔
12
كَمَا نَصَبَ لِاَمْرِكَ نَفْسَهٗ
13
جس طرح انہوں نے تیری شریعت کی خاطر اپنے کو مضبوطی سے جمایا
13
وَعَرَّضَ فِیْكَ لِلْمَكْرُوْهِ بَدَنَهٗ
14
اور تیری راہ میں اپنے جسم کو ہر طرح کے آزار کا نشانہ بنایا
14
وَكَاشَفَ فِی الدُّعَآءِ اِلَیْكَ حَامَّتَهٗ
15
اور تیری طرف دعوت دینے کے سلسلہ میں اپنے عزیزوں سے دشمنی کا مظاہرہ کیا
15
وَحَارَبَ فِیْ رِضَاكَ اُسْرَتَهٗ
16
اور تیری رضامندی کیلئے اپنے قوم قبیلے سے جنگ کی
16
وَقَطَعَ فِیْ اِحْیَآءِ دِیْنِكَ رَحِمَهٗ
17
اور تیرے دین کو زندہ کرنے کیلئے سب رشتے ناطے قطع کر لئے
17
وَاَقْصَى الْاَدْنَیْنَ عَلٰى جُحُوْدِهِمْ
18
نزدیک کے رشتہ داروں کو انکار کی وجہ سے دور کر دیا
18
وَقَرَّبَ الْاَقْصَیْنَ عَلَى اسْتِجَابَتِهِمْ لَكَ
19
اور دور والوں کو اقرار کی وجہ سے قریب کیا
19
وَوَالٰى فِیْكَ الْاَبْعَدِیْنَ
20
اور تیری وجہ سے دور والوں سے دوستی رکھی
20
وَعَادٰى فِیْكَ الْاَقْرَبِیْنَ
21
اور نزدیک والوں سے دشمنی رکھی
21
واَدْاَبَ نَفْسَهٗ فِیْ تَبْلِیْغِ رِسَالَتِكَ
22
اور تیرا پیغام پہنچانے کیلئے تکلیفیں اٹھائیں
22
وَاَتْعَبَهَا بِالدُّعَآءِ اِلٰى مِلَّتِكَ
23
اور دین کی طرف دعوت دینے کے سلسلہ میں زحمتیں برداشت کیں
23
وَشَغَلَهَا بِالنُّصْحِ لِاَهْلِ دَعْوَتِكَ
24
اور اپنے نفس کو ان لوگوں کے پند و نصیحت کرنے میں مصروف رکھا جنہوں نے تیری دعوت کو قبول کیا
24
وَهَاجَرَ اِلٰى بِلَادِ الْغُرْبَةِ وَمَحَلِّ النَّاْیِ
25
اور پردیس کی سر زمین اور دور و دراز مقام کی طرف ہجرت کی
25
عَنْ مَّوْطِنِ رَحْلِهٖ وَمَوْضِعِ رِجْلِهٖ
26
اپنے محل سکونت و مقام رہائش
26
وَمَسْقَطِ رَاْسِهٖ وَمَاْنَسِ نَفْسِهٖ
27
اور جائے ولادت و وطن مالوف سے
27
اِرَادَةً مِّنْهُ لِاِعْزَازِ دِیْنِكَ
28
محض اس مقصد سے کہ تیرے دین کو مضبوط کریں
28
وَاسْتِنْصَارًا عَلٰۤى اَهْلِ الْكُفْرِ بِكَ.
29
اور تجھ سے کفر اختیار کرنے والوں پر غلبہ پائیں۔
29
حَتّٰى اسْتَتَبَّ لَهٗ مَا حَاوَلَ فِیْ اَعْدَآئِكَ
30
یہاں تک کہ تیرے دشمنوں کے بارے میں جو انہوں نے چاہا تھا وہ مکمل ہو گیا
30
وَاسْتَتَمَّ لَهٗ مَا دَبَّرَ فِیْۤ اَوْلِیَآئِكَ
31
اور تیرے دوستوں (کو جنگ و جہاد پر آمادہ کرنے) کی تدبیریں کامل ہو گئیں
31
فَنَهَدَ اِلَیْهِمْ مُسْتَفْتِحًا بِعَوْنِكَ
32
تو وہ تیری نصرت سے فتح و کامرانی چاہتے ہوئے دشمنوں کے مقابلہ کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے
32
وَمُتَقَوِّیًا عَلٰى ضَعْفِهٖ بِنَصْرِكَ
33
اور اپنی کمزوری کے باوجود تیری مدد کی پشت پناہی پر
33
فَغَزَاهُمْ فِیْ عُقْرِ دِیَارِهِمْ
34
اور ان کے گھروں کے حدود میں ان سے لڑے
34
وَهَجَمَ عَلَیْهِمْ فِیْ بُحْبُوْحَةِ قَرَارِهِمْ
35
اور ان کی قیام گاہوں کے وسط میں ان پر ٹوٹ پڑے۔
35
حَتّٰى ظَهَرَ اَمْرُكَ وَعَلَتْ كَلِمَتُكَ
36
یہاں تک کہ تیرا دین غالب اور تیرا کلمہ بلند ہو کر رہا
36
وَلَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُوْنَ.
37
اگرچہ مشرک اسے ناپسند کرتے رہے۔
37
اَللّٰهُمَّ فَارْفَعْهُ بِمَا كَدَحَ فِیْكَ
38
اے اللہ! انہوں نے تیری خاطر جو کوششیں کی ہیں ان کے عوض انہیں عطا کر
38
اِلَى الدَّرَجَةِ الْعُلْیَا مِنْ جَنَّتِكَ
39
جنت میں ایسا بلند درجہ
39
حَتّٰى لَا یُسَاوٰى فِیْ مَنْزِلَةٍ
40
کہ کوئی مرتبہ میں ان کے برابر نہ ہو سکے
40
وَلَا یُكَافَاَ فِیْ مَرْتَبَةٍ
41
اور نہ منزلت میں ان کا ہم پایہ قرار پا سکے
41
وَلَا یُوَازِیَهٗ لَدَیْكَ مَلَكٌ مُّقَرَّبٌ، وَلَا نَبِیٌّ مُّرْسَلٌ
42
اور نہ کوئی مقرب بارگاہ فرشتہ اور نہ کوئی فرستادہ پیغمبر تیرے نزدیک ان کا ہمسر ہو سکے
42
وَعَرِّفْهُ فِیْۤ اَهْلِهِ الطَّاهِرِیْنَ وَاُمَّتِهِ الْمُؤْمِنِیْنَ
43
اور انہیں عطا فرما ان کے اہل بیت اطہار علیہم السلام اور مومنین کی جماعت کے بارے میں
43
مِنْ حُسْنِ الشَّفَاعَةِ اَجَلَّ مَا وَعَدْتَّهٗ
44
جس قابل قبول شفاعت کا تو نے ان سے وعدہ فرمایا ہے اس وعدہ سے بڑھ کر۔
44
یَا نَافِذَ الْعِدَةِ، یَا وَافِیَ الْقَوْلِ
45
اے وعدہ کے نافذ کرنے والے، قول کے پورا کرنے والے
45
یَا مُبَدِّلَ السَّیِّئَاتِ بِاَضْعَافِهَا مِنَ الْحَسَنَاتِ
46
اور برائیوں کو کئی گنا زائد اچھائیوں سے بدل دینے والے
46
اِنَّكَ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِیْمِ.
47
بے شک تو فضل عظیم کا مالک ہے۔
47

یہ دعا کا دوسرا افتتاحیہ ہے جو پہلے افتتاحیہ کیلئے ایک تکملہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لئے واؤ عطف کے ذریعہ اس کا سلسلہ پہلے افتتاحیہ سے جوڑ دیا گیا ہے۔

پہلا افتتاحیہ حمد و ثنائے الٰہی پر مشتمل تھا اور یہ رسولِؐ خدا پر درود و سلام کے سلسلہ میں ہے۔ حمد و ستائش اور درود و سلام ایک دوسرے سے مرتبط اور ایک قدرتی ترتیب کے زیرِ اثر ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔ چنانچہ جب خداوند عالم کے اس احسان و انعام پر نظر جاتی ہے کہ اس نے نوعِ انسانی کی ہدایت کیلئے پیغمبروں اور دین کے رہنماؤں کا سلسلہ جاری کیا تا کہ وحی و تنزیل کے ذریعہ ہدایت کی تعلیم ہوتی رہے تو بے ساختہ زبان اس کی تحمید و ستائش کے استحقاق کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو جاتی ہے کہ جس نے مادی تربیت کے سر و سامان کے ساتھ روحانی تربیت کے سامان کی بھی تکمیل کی۔ تو جب خدا کے انعامات اس کی حمد و ستائش کے محرّک ہوتے ہیں تو جو عرفانِ الٰہی کا ذریعہ ہوں اور انسانی صلاحیتوں کو اس قابل بنائیں کہ ان میں ہدایت کے عناصر نشو و نما پا سکیں تو تحمید الٰہی کے بعد احسان شناسی کا تقاضا یہ ہو گا کہ ان ہستیوں سے بھی درود و سلام کے ذریعہ اظہارِ عقیدت و ارادت کیا جائے۔ اور ان ذواتِ مقدسہ میں سب سے اکمل و افضل ہستی رسول اکرمؐ کی تھی جنہوں نے تہذیبِ نفس و ترقئ روحانی کی راہیں بتائیں اور صداقت و روحانیت کی تعلیم سے مردہ انسانیت کو نشاۃ ثانیہ عطا کیا۔ لہٰذا حمد کے بعد درود و سلام کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ چنانچہ دُعا کے ساتھ جس طرح حمد کو منضم کیا گیا ہے، اسی طرح درود و صلوٰۃ کو بھی استجابت دعا کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ چنانچہ امیر المومنین علیہ السلام کا ارشاد ہے: اِذَا كَانَتْ لَكَ اِلَى اللهِ سُبْحَانَهٗ حَاجَةٌ فَابْدَاْ بِمَسْئَلَةِ الصَّلٰوةِ عَلَى رَسُوْلِہٖ، ثُمَّ سَلْ حَاجَتَكَ، فَاِنَّ اللهَ اَكْرَمُ مِنْ اَنْ یُّسْئَلَ حَاجَتَیْنِ، فَیَقْضِیَ اِحْدَاهُمَا وَ یَمْنَعَ الْاُخْرٰى.

جب اللہ تعالیٰ سے کوئی حاجت طلب کرو تو پہلے رسولؐ اللہ پر درود بھیجو پھر اپنی حاجت مانگو۔ کیونکہ خدا اس سے بلند تر ہے کہ اس سے دو حاجتیں طلب کی جائیں اور ایک پوری کر دے اور ایک روک لے۔۱

امام علیہ السلام نے درود و سلام کے سلسلہ میں آنحضرتؐ کی شخصیت پر اس طرح جچے تلے الفاظ میں روشنی ڈالی ہے کہ ان کی زندگی کے تمام گوشوں کی مکمل تصویر نگاہوں کے سامنے آ جاتی ہے۔ چنانچہ ان کلمات سے آپؐ کی ہستی کے حسبِ ذیل اوصاف و کمالات واضح ہوتے ہیں:

آپؐ وحیِ الٰہی کے حامل، پاکیزہ نسب اور برگزیدۂ خلائق تھے۔

خداوند عالم نے آپؐ کو تمام انبیاء علیہ السلام کے آخر میں بھیجا جس کے بعد سلسلۂ نبوت ختم کر دیا۔ لہٰذا آپؐ آخری پیغمبر اور آپؐ کی امت آخری امت ہے، اور اُن کے اہل بیت علیہم السلام لوگوں کے اعمال کے نگران اور اُن کے گواہ ہیں۔

آپؐ رحمت و رأفت کا مجسمہ اور خیر و برکت کا سرچشمہ تھے۔

اُن کی دوستی و دشمنی کا معیار صرف ایمان و عمل صالح ہے اور اس سلسلہ میں اپنے اور بیگانے میں کوئی امتیاز و تفرقہ روا نہیں رکھا۔

انہوں نے تبلیغ احکام اور اعلائے کلمۃ اللہ کیلئے جان کی بازی لگا دی۔ دین کی خاطر دکھ سہے، مصیبتیں جھیلیں، گھر بار چھوڑا اور ہجرت اختیار کی اور اپنی صلاحیتِ نظم و نسق سے مسلمانوں کی شیرازہ بندی کی اور ان کی فلاح و نجاح کا سامان کیا اور ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے دشمنوں سے صف آرا ہوئے اور کسی موقع پر اپنی قوت و طاقت پر بھروسا نہیں کیا بلکہ ہمیشہ خُدا کی نصرت و تائید کے خواہاں اور اس کی مدد کے طالب رہے اور آخر حسنِ نیت و حسنِ عمل کی بدولت انجام کار کی کامیابی انہیں نصیب ہوئی اور قبولیّتِ شفاعت کے درجۂ رفیعہ پر فائز ہوئے۔

نہج البلاغہ، حکمت نمبر ۳۶۱