(۲۵) وَكَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ لِوُلْدِهٖ۔ اولاد کے حق میں حضرتؑ کی دعا۔

اَللّٰهُمَّ وَمُنَّ عَلَیَّ بِبَقَآءِ وُلْدِیْ
1
اے میرے معبود! مجھے ممنون احسان فرما میری اولاد کی بقا (کے ذریعے)
1
وَبِاِصْلَاحِهِمْ لِیْ و بِاِمْتَاعِیْ بِهِمْ۔
2
اور ان کی اصلاح اور ان سے بہرہ مندی کے سامان مہیا کر کے۔
2
اِلٰهِی امْدُدْ لِیْ فِیْۤ اَعْمَارِهِمْ
3
(اے میرے معبود!) میرے سہارے کیلئے ان کی عمروں میں برکت
3
وَزِدْ لِیْ فِیْۤ اٰجَالِهِمْ
4
اور زندگیوں میں طول دے
4
وَرَبِّ لِیْ صَغِیْرَهُمْ
5
اور ان میں سے چھوٹوں کی پرورش فرما
5
وَقَوِّ لِیْ ضَعِیْفَهُمْ
6
اور کمزوروں کو توانائی دے
6
وَاَصِحَّ لِیْ اَبْدَانَهُمْ وَاَدْیَانَهُمْ وَاَخْلَاقَهُمْ
7
اور ان کی جسمانی، ایمانی اور اخلاقی حالت کو درست فرما
7
وَعَافِهِمْ فِیْۤ اَنْفُسِهِمْ وَفِیْ جَوَارِحِهِمْ
8
اور انہیں عافیت سے ہمکنار رکھ جسم و جان میں
8
وَفِیْ كُلِّ مَا عُنِیْتُ بِهٖ مِنْ اَمْرِهٖمْ
9
اور ان کے دوسرے معاملات میں جن میں مجھے اہتمام کرنا پڑے
9
وَاَدْرِرْ لِیْ وَعَلٰى یَدِیْۤ اَرْزَاقَهُمْ
10
اور میرے لیے اور میرے ذریعہ ان کیلئے رزق فراواں جاری کر
10
وَاجْعَلْهُمْ اَبْرَارًا، اَتْقِیَآءَ، بُصَرَآءَ
11
اور انہیں قرار دے نیکوکار، پرہیزگار، روشن دل
11
سَامِعِیْنَ، مُطِیْعِیْنَ لَكَ
12
حق نیوش اور اپنا فرمانبردار
12
وَلِاَوْلِیَآئِكَ مُحِبِّیْنَ مُنَاصِحِیْنَ
13
اور اپنے دوستوں کا دوست و خیر خواہ
13
وَلِجَمِیْعِ اَعْدَآئِكَ مُعَانِدِیْنَ وَمُبْغِضِیْنَ۔ اٰمِینَ۔
14
اور اپنے تمام دشمنوں کا دشمن و بدخواہ۔ آمین!
14
اَللّٰهُمَّ اشْدُدْ بِهِمْ عَضُدِیْ
15
اے اللہ! ان کے ذریعہ میرے بازؤوں کو قوی
15
وَاَقِمْ بِهِمْ اَوَدِیْ
16
اور میری پریشان حالی کی اصلاح
16
وَكَثِّرْ بِهِمْ عَدَدِیْ
17
اور ان کی وجہ سے میری جمعیت میں اضافہ
17
وَزَیِّنْ بِهِمْ مَّحْضَرِیْ
18
اور میری مجلس کی رونق دوبالا فرما
18
وَاَحْیِ بِهِمْ ذِكْرِیْ
19
اور ان کی بدولت میرا نام زندہ رکھ
19
وَاكْفِنِیْ بِهِمْ فِیْ غَیْبَتِیْ
20
اور میری عدم موجودگی میں انہیں میرا قائم مقام قرار دے
20
وَاَعِنِّیْ بِهِمْ عَلٰى حَاجَتِیْ
21
اور ان کے وسیلہ سے میری حاجتوں میں میری مدد فرما
21
وَاجْعَلْهُمْ لِیْ مُحِبِّیْنَ
22
اور انہیں میرے لیے دوست
22
وَعَلَیَّ حَدِبِیْنَ مُقْبِلِیْنَ
23
مہربان، ہمہ تن متوجہ،
23
مُسْتَقِیْمِیْنَ لِیْ مُطِیْعِیْنَ
24
ثابت قدم اور فرمانبردار قرار دے۔
24
غَیْرَ عَاصِیْنَ وَلَا عَاقِّیْنَ
25
وہ نافرمان، سرکش
25
وَلَا مُخَالِفِیْنَ وَلَا خَاطِئِیْنَ
26
مخالف و خطاکار نہ ہوں
26
وَاَعِنِّیْ عَلٰى تَرْبِیَتِھِمْ وَتَاْدِیْبِهِمْ وَبِرِّهِمْ
27
اور ان کی تربیت و تادیب اور ان سے اچھے برتاؤ میں میری مدد فرما
27
وَهَبْ لِیْ مِنْ لَّدُنْكَ مَعَهُمْ اَوْلَادًا ذُكُوْرًا
28
اور ان کے علاوہ بھی مجھے اپنے خزانۂ رحمت سے نرینہ اولاد عطا کر
28
وَاجْعَلْ ذٰلِكَ خَیْرًا لِیْ
29
اور انہیں میرے لیے سراپا خیر و برکت قرار دے
29
وَاجْعَلْهُمْ لِیْ عَوْنًا عَلٰى مَا سَئَلْتُكَ۔
30
اور انہیں ان چیزوں میں جن کا میں طلبگار ہوں میرا مدد گار بنا۔
30
وَاَعِذْنِیْ وَذُرِّیَّتِیْ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ
31
اور مجھے اور میری ذریت کو شیطان مردود سے پناہ دے
31
فَاِنَّكَ خَلَقْتَنَا وَاَمَرْتَنَا وَنَهَیْتَنَا
32
اس لیے کہ تو نے ہمیں پیدا کیا اور امر و نہی کی
32
وَرَغَّبْتَنَا فِیْ ثَوَابِ مَاۤ اَمَرْتَنَا
33
اور جو حکم دیا اس کے ثواب کی طرف راغب کیا
33
وَرَهَّبْتَنَا عِقَابَهٗ
34
اور جس سے منع کیا اس کے عذاب سے ڈرایا
34
وَجَعَلْتَ لَنا عَدُوًّا یَّكِیْدُنَا
35
اور ہمارا ایک دشمن بنایا جو ہم سے مکر کرتا ہے
35
سَلَّطْتَهٗ مِنَّا عَلٰى مَا لَمْ تُسَلِّطْنَا عَلَیْهِ مِنْهُ
36
اور جتنا ہماری چیزوں پر اسے تسلط دیا ہے اتنا ہمیں اس کی کسی چیز پر تسلط نہیں دیا
36
اَسْكَنْتَهٗ صُدُوْرَنَا
37
اس طرح کہ اسے ہمارے سینوں میں ٹھہرا دیا
37
وَاَجْرَیْتَهٗ مَجَارِیَ دِمَآئِنَا
38
اور ہمارے رگ و پے میں دوڑا دیا
38
لَا یَغْفُلُ اِنْ غَفَلْنَا
39
ہم غافل ہو جائیں مگر وہ غافل نہیں ہوتا
39
وَلَا یَنْسٰى اِنْ نَّسِیْنَا
40
ہم بھول جائیں مگر وہ نہیں بھولتا
40
یُؤْمِنُنَا عِقَابَكَ
41
وہ ہمیں تیرے عذاب سے مطمئن کرتا
41
وَیُخَوِّفُنَا بِغَیْرِكَ۔
42
اور تیرے علاوہ دوسروں سے ڈراتا ہے۔
42
اِنْ هَمَمْنَا بِفَاحِشَةٍ شَجَّعَنَا عَلَیْهَا
43
اگر ہم کسی برائی کا ارادہ کرتے ہیں تو وہ ہماری ہمت بندھاتا ہے
43
وَاِنْ هَمَمْنَا بِعَمَلٍ صَالِحٍ ثَبَّطَنَا عَنْهُ
44
اور اگر کسی عمل خیر کا ارادہ کرتے ہیں تو ہمیں اس سے باز رکھتا ہے
44
یَتَعَرَّضُ لَنا بِالشَّهَوَاتِ
45
اور گناہوں کی دعوت دیتا
45
وَیَنْصِبُ لَنا بِالشُّبُهَاتِ
46
اور ہمارے سامنے شبہے کھڑے کر دیتا ہے
46
اِنْ وَّعَدَنَا كَذَبَنَا
47
اگر وعدہ کرتا ہے تو جھوٹا
47
وَاِنْ مَنَّانَاۤ اَخْلَفَنَا
48
اور امید دلاتا ہے تو خلاف ورزی کرتا ہے
48
وَاِلَّا تَصْرِفْ عَنَّا كَیْدَهٗ یُضِلَّنَا
49
اگر تو اس کے مکر کو نہ ہٹائے تو وہ ہمیں گمراہ کر کے چھوڑے گا
49
وَاِلَّا تَقِنَا خَبَالَهٗ یَسْتَزِلَّنَا۔
50
اور اس کے فتنوں سے نہ بچائے تو وہ ہمیں ڈگما دے گا۔
50
اَللّٰهُمَّ فَاقْهَرْ سُلْطَانَهٗ عَنَّا بِسُلْطَانِكَ
51
خدایا! اس (لعین) کے تسلط کو اپنی قوت و توانائی کے ذریعہ ہم سے دفع کر دے
51
حَتّٰى تَحْبِسَهٗ عَنَّا بِكَثْرَةِ الدُّعَآءِ لَكَ
52
تاکہ کثرت دعا کے وسیلہ سے اسے ہماری راہ ہی سے ہٹا دے
52
فَنُصْبِحَ مِنْ كَیْدِهٖ فِی الْمَعْصُوْمِیْنَ بِكَ۔
53
اور ہم اس کی مکاریوں سے محفوظ ہو جائیں۔
53
اَللّٰهُمَّ اَعْطِنِیْ كُلَّ سُؤْلِیْ
54
اے اللہ! میری ہر درخواست کو قبول فرما
54
وَاقْضِ لِیْ حَوَآئِجِیْ
55
اور میری حاجتیں برلا
55
وَلَا تَمْنَعْنِی الْاِجَابَةَ وَقَدْ ضَمِنْتَهَا لِیْ
56
اور میری دعا کو رد نہ کر جبکہ تو نے استجابتِ دعا کا ذمہ لیا ہے
56
وَلَا تَحْجُبْ دُعَآئِیْ عَنْكَ وَقَدْ اَمَرْتَنِیْ بِهٖ
57
اور جبکہ تو نے مجھے دعا کا حکم دیا ہے تو میری دعا کو اپنی بارگاہ سے روک نہ دے
57
وَامْنُنْ عَلَیَّ بِكُلِّ مَا یُصْلِحُنِیْ فِیْ دُنْیَایَ وَاٰخِرَتِیْ
58
اور جن چیزوں سے میرا دینی و دنیوی مفاد وابستہ ہے ان کی تکمیل سے مجھ پر احسان فرما
58
مَا ذَكَرْتُ مِنْهُ وَمَا نَسِیْتُ
59
جو یاد ہوں اور جو بھول گیا ہوں
59
اَوْ اَظْهَرْتُ اَوْ اَخْفَیْتُ
60
ظاہر کی ہوں یا پوشیدہ رہنے دی ہوں
60
اَوْ اَعْلَنْتُ اَوْ اَسْرَرْتُ
61
علانیہ طلب کی ہوں یا در پردہ
61
وَاجْعَلْنِیْ فِیْ جَمِیْعِ ذٰلِكَ
62
ان تمام صورتوں میں مجھے قرار دے:
62
مِنَ الْمُصْلِحِیْنَ بِسُؤَالِیْۤ اِیَّاكَ
63
(نیت و عمل کی) اصلاح کرنے والوں میں، اس وجہ سے کہ تجھ سے سوال کیا ہے
63
الْمُنْجِحِیْنَ بِالطَّلَبِ اِلَیْكَ
64
اور کامیاب ہونے والوں میں، اس بنا پر کہ تجھ سے طلب کیا ہے
64
غَیْرِ الْمَمْنُوْعِیْنَ بِالتَّوَكُّلِ عَلَیْكَ
65
اور غیر مسترد ہونے والوں میں سے، اس سبب سے کہ تجھ پر بھروسا کیا ہے۔
65
الْمُعَوَّدِیْنَ بِالتَّعَوُّذِ بِكَ
66
اور (ان لوگوں میں شمار کر) جو تیرے دامن میں پناہ لینے کے خوگر
66
الرَّابِحِیْنَ فِی التِّجَارَةِ عَلَیْكَ
67
تجھ سے بیوپار میں فائدہ اٹھانے والے
67
الْمُجَارِیْنَ بِعِزِّكَ
68
اور تیرے دامن عزت میں پناہ گزیں ہیں
68
الْمُوَسَّعِ عَلَیْهِمُ الرِّزْقُ الْحَلَالُ مِنْ فَضْلِكَ
69
جنہیں تیرے ہمہ گیر فضل سے رزق حلال حاصل ہوا
69
الْوَاسِعِ بِجُوْدِكَ وَكَرَمِكَ
70
اور تیرے جود و کرم سے میں اس میں فراوانی حاصل ہوئی ہے
70
الْمُعَزِّیْنَ مِنَ الذُّلِّ بِكَ
71
اور تیری وجہ سے ذلت سے عزت تک پہنچے ہیں
71
وَالْمُجَارِیْنَ مِنَ الظُّلْمِ بِعَدْلِكَ
72
اور تیرے عدل و انصاف کے دامن میں ظلم سے پناہ لی ہے
72
وَالْمُعَافَیْنَ مِنَ الْبَلَآءِ بِرَحْمَتِكَ
73
اور رحمت کے ذریعہ بلا و مصیبت سے محفوظ ہیں
73
وَالْمُغْنَیْنَ مِنَ الْفَقْرِ بِغِنَاكَ
74
اور تیری بے نیازی کی وجہ سے فقیر سے غنی ہو چکے ہیں
74
وَالْمَعْصُوْمِیْنَ مِنَ الذُّنُوْبِ وَالزَّلَلِ وَالْخَطَآءِ بِتَقْوَاكَ
75
اور تیرے تقویٰ کی وجہ سے گناہوں، لغزشوں اور خطاؤں سے معصوم ہیں
75
وَالْمُوَفَّقِینَ لِلْخَیْرِ وَالرُّشْدِ وَالصَّوَابِ بِطَاعَتِكَ
76
اور تیری اطاعت کی وجہ سے خیر و رشد و صواب کی توفیق انہیں حاصل ہے
76
وَالْمُحَالِ بَیْنَهُمْ وَبَیْنَ الذُّنُوْبِ بِقُدْرَتِكَ
77
اور تیری قدرت سے ان کے اور گناہوں کے درمیان پردہ حائل ہے
77
التَّارِكِیْنَ لِكُلِّ مَعْصِیَتِكَ
78
اور جو تمام گناہوں سے دست بردار ہیں
78
السَّاكِنِیْنَ فِیْ جِوَارِكَ۔
79
اور تیرے جوارِ رحمت میں مقیم ہیں۔
79
اَللّٰهُمَّ اَعْطِنَا جَمِیْعَ ذٰلِكَ بِتَوْفِیْقِكَ وَرَحْمَتِكَ
80
بار الٰہا! اپنی توفیق و رحمت سے یہ تمام چیزیں ہمیں عطا فرما
80
وَاَعِذْنَا مِنْ عَذَابِ السَّعِیْرِ
81
اور دوزخ کے آزار سے پناہ دے
81
وَاَعْطِ جَمِیْعَ الْمُسْلِمِیْنَ وَالْمُسْلِمَاتِ وَالْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُؤْمِنَاتِ
82
اور ایسی چیزیں تمام مسلمین و مسلمات اور مومنین و مومنات کو عطا کر
82
مِثْلَ الَّذِیْ سَئَلْتُكَ لِنَفْسِیْ وَلِوُلْدِیْ
83
جن چیزوں کا میں نے اپنے لیے اور اپنی اولاد کیلئے سوال کیا ہے
83
فِیْ عَاجِلِ الدُّنْیَا وَاٰجِلِ الْاٰخِرَةِ
84
انہیں دنیا و آخرت میں مرحمت فرما
84
اِنَّكَ قَرِیْبٌ مُّجِیْبٌ
85
اس لیے کہ تو نزدیک اور دعا کا قبول کرنے والا ہے
85
سَمِیْعٌ عَلِیْمٌ
86
سننے والا اور جاننے والا ہے
86
عَفُوٌّ غَفُوْرٌ، رَءُوْفٌ رَحِیْمٌ
87
معاف کرنے والا اور بخشنے والا اور شفیق و مہربان ہے
87
وَاٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّفِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً
88
اور ہمیں دُنیا میں نیکی (توفیق عبادت) اور آخرت میں نیکی (بہشت جاوید) عطا کر
88
وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ۔
89
اور دوزخ کے عذاب سے بچائے رکھ۔
89

فطرتِ انسانی کے حسیات اور طبیعت بشری کے جذبات میں سے زیادہ پر جوش، دیرپا اور ناقابل شکست اولاد کی محبت کا جذبہ ہوتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اولاد گوشت پوست اور خون میں باپ کی شریک اور اسی کا ایک جز ہوتی ہے۔ اس لیے اسے کبھی نورِ دیدہ، کبھی پارۂ دل اور کبھی لخت جگر سے تعبیر کرتا ہے۔ چنانچہ عرب کا ایک شاعر کہتا ہے:

وَاِنَّمَاۤ اَوْلَادُنَا بَيْنَنَا، اَكْبَادُنَا تَمْشِیْ عَلَى الْاَرْضِ

یہ ہمارے گرد و پیش ہمارے بچے، ہمارے جگر پارے ہیں جو زمین پر چل پھر رہے ہیں۔۱

اس فطری لگاؤ اور طبعی جذبہ کی بنا پر باپ خلوص اور بے لوثی کا وہ کردار پیش کرتا ہے جس کی مثال دوسرے روابط و تعلقات میں نظر نہیں آتی۔ وہ اس کی تعلیم و تربیت میں اپنا وقت، اپنی کاوش اور اپنی دولت بے دریغ صرف کرتا ہے، تاکہ اس کی زیست کا قصر بلند اقدار پر استوار ہو، مگر بعض اوقات غلط اور نامکمل تربیت کی وجہ سے اولاد بے راہ ہو جاتی ہے۔ شروع شروع میں لاڈ چاؤ اور پیار میں اس کی بری حرکتوں کی طرف توجہ نہیں دی جاتی اور جب بری عادتیں راسخ ہو جاتی ہیں تو پھر دریا کا دھارا موڑنے کی سعئ لاحاصل کی جاتی ہے۔ اس لیے ضرورت ہے کہ ابتدا ہی میں ایسی تعلیم و تربیت دی جائے جو ایک صحت مند ذہنیت کی تشکیل کرے اور غلط اندازِ فکر سے آشنا ہی نہ ہونے دے۔ کیونکہ ابتدا میں بچے کے ذہن میں جو نقش بٹھا دیا جاتا ہے وہ ہمیشہ کیلئے بیٹھ جاتا ہے۔

تعلیم و تربیت کے موقع پر صرف دنیوی ترقی کے پہلو پر نظر نہ ہونا چاہیے، بلکہ اس کے ساتھ دینی و اخلاقی زندگی کے سنوارنے کا بھی سامان کرنا چاہیے اور شروع ہی میں دین و مذہب کی اہمیت، خدا کی عظمت اور غرض خلقت کو ذہن نشین کرانا چاہیے تا کہ آگے بڑھ کر یہ تاثرات زندگی کے ہر گوشے میں کار فرما رہیں۔اس کے ساتھ بڑوں کی عزت، بزرگوں کا احترام، ہم جولیوں سے پیار محبت اور دوسروں سے ہمدردی و غمخواری کی تعلیم دے۔ بری صحبت سے دور رکھے اور لڑائی جھگڑے، بے محل ہنسنے، کسی کا مذاق اڑانے، جھوٹ، گالی، غیبت، بے موقع چیخ پکار اور اول فول بکنے سے منع کرے اور اس کے حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھے۔ اور جب کسی بری بات سے روکنا چاہے تو اعتدال کی حد میں رہ کر سمجھائے اور تشدد وسختی سے کام نہ لے کہ اس کا بعض اوقات الٹا اثر ہوتا ہے اور وہ رد عمل کے طور پر اس عادت پر بضد ہو جاتا ہے۔

بہرحال حسن تربیت و تعلیم ہی اولاد کے ساتھ سب سے بڑی نیکی ہے اور ان کیلئے دعا کرنا بھی ان کے ساتھ احسان کرنے میں شمار ہوتا ہے اور باپ کی دعا اولاد کے حق میں منجملہ ان دعاؤں کے ہے جو رد نہیں ہوتیں، چنانچہ امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میرے والد بزرگوار کا ارشاد ہے کہ

خَمْسُ دَعَوَاتٍ لَّا يُحْجَبْنَ عَنِ الرَّبِّ تَبَارَكَ وَتَعَالٰى: دَعْوَةُ الْاِمَامِ الْمُقْسِطِ۔ وَدَعْوَةُ الْمَظْلُوْمِ يَقُوْلُ اللّٰهُ عَزَّ وَجَلَّ: لَاَنْتَقِمَنَّ لَكَ وَلَوْ بَعْدَ حِيْنٍ۔ وَدَعْوَةُ الْوَلَدِ الصَّالِحِ لِوَالِدَيْهِ۔ وَدَعْوَةُ الْوَالِدِ الصَّالِحِ لِوَلَدِهٖ۔ وَدَعْوَةُ الْمُؤْمِنِ لِاَخِيْهِ بِظَهْرِ الْغَيْبِ فَيَقُوْلُ: وَلَكَ مِثْلَاهُ۔

پانچ دعائیں ایسی ہیں جنہیں اللہ تبارک و تعالیٰ کبھی رد نہیں کرتا: امام عادل کی دعا، مظلوم کی دعا جب وہ دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں تیر انتقام لوں گا اگرچہ کچھ دیر ہو جائے، فرزند صالح کی دعا ماں باپ کے حق میں، صالح باپ کی دعا اولاد کے حق میں، مرد مومن کی دعا اپنے کسی بھائی کیلئے اس کی غیبت میں، جب وہ دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ جو تم نے اس کیلئے مانگا ہے اس سے دو گنا تمہارے لیے ہے۔۲

حضرتؑ کی یہ دعا ایک نمونہ ہے کہ اولاد کیلئے کس طرح اور کیا دعا کرے۔ اس دعا میں وہ تمام چیزیں سمو دی گئی ہیں جو ایک صالح باپ اپنی صالح اولاد کیلئے طلب کر سکتا ہے۔ ان کیلئے زندگی، رزق، صحت اور قوت و توانائی کی دعا کی ہے، تاکہ وہ خلق خدا سے بے نیاز ہو کر اللہ تعالیٰ کی عبادت و اطاعت میں مصروف رہیں اور روشن دل اور روشن خیال، بلند نفس، بلند کردار، اخلاق حسنہ سے آراستہ، مطیع و فرمانبردار، خیر و سعادت کے خزینہ دار، دوستان خدا کے دوست، دشمنان خدا کے دشمن، اسلاف کی زینت اور باقیات الصالحات ثابت ہوں۔

شرح ابن ابی الحدید، ج ۱۶ ص ۶۱

الکافی، ج ۲ ص ۵۰۹