(۳۴) وَكَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ اِذَا ابْتُلِیَ اَوْ رَاٰى مُبْتَلًى بِفَضِیْحَةٍ بِذَنبٍ۔ جب خود مبتلا ہوتے یا کسی کو گناہوں کی رسوائی میں مبتلا دیکھتے تو یہ دعا پڑھتے۔

اَللّٰهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ عَلٰى سِتْرِكَ بَعْدَ عِلْمِكَ
1
اے معبود! تیرے ہی لیے تمام تعریف ہے اس بات پر کہ تو نے (گناہوں کے) جاننے کے بعد پردہ پوشی کی
1
وَمُعَافَاتِكَ بَعْدَ خُبْرِكَ
2
اور (حالات پر) اطلاع کے بعد عافیت و سلامتی بخشی
2
فَكُلُّنَا قَدِ اقْتَرَفَ الْعَآئِبَةَ فَلَمْ تَشْهَرْهُ
3
یوں تو ہم میں سے ہر ایک ہی عیوب و نقائص کے درپے ہوا مگر تو نے اسے مشتہر نہ کیا
3
وَارْتَكَبَ الْفَاحِشَةَ فَلَمْ تَفْضَحْهُ
4
اور افعال بد کا مرتکب ہوا مگر تو نے اس کو رسوا نہ ہونے دیا
4
وَتَسَتَّرَ بِالْمَسَاوِئِ فَلَمْ تَدْلُلْ عَلَیْهِ۔
5
اور پردۂ خفا میں برائیوں سے آلودہ رہا مگر تو نے اس کی نشان دہی نہ کی۔
5
كَمْ نَهْیٍ لَّكَ قَدْ اَتَیْنَاهُ
6
کتنے ہی تیرے منہیات تھے جن کے ہم مرتکب ہوئے
6
وَاَمْرٍ قَدْ وَقَفْتَنَا عَلَیْهِ فَتَعَدَّیْنَاهُ
7
اور کتنے ہی تیرے احکام تھے جن پر تو نے کاربند رہنے کا حکم دیا تھا مگر ہم نے ان سے تجاوز کیا
7
وَسَیِّئَةٍ اكْتَسَبْنَاهَا
8
اور کتنی ہی برائیاں تھیں جو ہم سے سر زد ہوئیں
8
وَخَطِیْٓئَةٍ ارْتَكَبْنَاهَا
9
اور کتنی ہی خطائیں تھیں جن کا ہم نے ارتکاب کیا
9
كُنْتَ الْمُطَّلِعَ عَلَیْهَا دُوْنَ النَّاظِرِیْنَ
10
درآنحالیکہ دوسرے دیکھنے والوں کے بجائے تو ان پر آگاہ تھا
10
وَالْقَادِرَ عَلٰۤى اِعْلَانِهَا فَوْقَ الْقَادِرِیْنَ
11
اور دوسرے (گناہوں کی تشہیر پر) قدرت رکھنے والوں سے تو زیادہ ان کے افشا پر قادر تھا
11
كَانَتْ عَافِیَتُكَ لَنا حِجَابًا دُوْنَ اَبْصَارِهِمْ
12
مگر اس کے باوجود ہمارے بارے میں تیری حفاظت و نگہداشت ان کی آنکھوں کے سامنے پردہ
12
وَرَدْمًا دُوْنَ اَسْمَاعِهِمْ۔
13
اور ان کے کانوں کے بالمقابل دیوار بن گئی۔
13
فَاجْعَلْ مَا سَتَرْتَ مِنَ الْعَوْرَةِ
14
تو پھر قرار دے اس پردہ داری کو
14
وَاَخْفَیْتَ مِنَ الدَّخِیْلَةِ وَاعِظًا لَنا
15
اور عیب پوشی کو ہمارے لیے ایک نصیحت کرنے والا
15
وَزَاجِرًا عَنْ سُوْٓءِ الْخُلُقِ وَاقْتِرَافِ الْخَطِیْٓـئَةِ
16
اور بدخوئی و ارتکاب گناہ سے روکنے والا
16
وَسَعْیًاۤ اِلَى التَّوْبَةِ الْمَاحِیَةِ
17
اور (گناہوں کو) مٹانے والی راہِ توبہ
17
وَالطَّرِیْقِ الْمَحْمُوْدَةِ
18
اور طریق پسندیدہ پر گامزنی کا وسیلہ
18
وَقَرِّبِ الْوَقْتَ فِیْهِ
19
اور اس راہ پیمائی کے لمحے (ہم سے) قریب کر
19
وَلَا تَسُمْنَا الْغَفْلَةَ عَنْكَ
20
اور ہمارے لیے ایسے اسباب مہیا نہ کر جو تجھ سے ہمیں غافل کر دیں۔
20
اِنَّاۤ اِلَیْكَ رَاغِبُوْنَ
21
اس لیے کہ ہم تیری طرف رجوع ہونے والے
21
وَمِنَ الذُّنُوْبِ تَآئِبُوْنَ۔
22
اور گناہوں سے توبہ کرنے والے ہیں۔
22
وَصَلِّ عَلٰى خِیَرَتِكَ اللّٰهُمَّ مِنْ خَلْقِكَ مُحَمَّدٍ
23
بار الٰہا! رحمت نازل فرما محمدؐ پر جو مخلوقات میں تیرے برگزیدہ
23
وَّعِتْرَتِهِ الصِّفْوَةِ مِن بَرِیَّتِكَ الطَّاهِرِیْنَ
24
اور ان کی پاکیزہ عترتؑ پر جو کائنات میں تیری منتخب کردہ ہے
24
وَاجْعَلْنَا لَهُمْ سَامِعِیْنَ وَمُطِیْعِیْنَ كَمَاۤ اَمَرْتَ۔
25
اور ہمیں اپنے فرمان کے مطابق ان کی بات پر کان دھرنے والا اور ان کے احکام کی تعمیل کرنے والا قرار دے۔
25

یہ دعا خداوند عالم کی صفتِ پردہ پوشی کے سلسلہ میں ہے۔ اللہ تعالیٰ کی شان ستاریت ہی کا یہ نتیجہ ہے کہ بندوں کے عیوب پر پردہ پڑا رہتا ہے۔ کیونکہ وہ یہ گوارا نہیں کرتا کہ اس کے بندے ہم چشموں کی نگاہوں میں سبک ہوں اور اپنے چھپے ہوئے عیبوں کی وجہ سے ذلیل ہوں۔ اس لیے وہ معائب پر پردہ ڈالتا ہے اور کسی کا عیب آشکار نہیں کرتا۔ حالانکہ وہ جب چاہے گنہگاروں کے راز ہائے درون پردہ کو بے نقاب کرکے انہیں رسوا و ذلیل کر سکتا ہے اور ان کی بداعمالیوں کا تقاضا بھی یہ ہوتا ہے کہ انہیں ذلت و رسوائی سے دوچار کیا جائے، مگر اس کی شان ستاریت آڑے آ جاتی ہے اور انہیں رسوائیوں سے بچالے جاتی ہے۔ اگر ان کی طرف سے پردہ پوشی نہ ہوتی تو پھر کون ایسا ہے جو اپنی کارستانیوں کی بدولت رسوا و ذلیل نہ ہوتا۔

گر پرده ز روی کار ما بر دارند

آن کيست که رسوای دو عالم نشود

چنانچہ جو شخص بھی اپنی باطنی حالت کا جائزہ لے گا وہ اس امر کے اعتراف پر مجبور ہو گا کہ اس کے وہ عیوب جو اِفشا ہوئے ہیں عموماً ایسے ہی تھے کہ جن کے چھپانے کی اس نے کبھی فکر کی ہی نہ تھی، مگر اس کے باوجود اس کے ڈھکے چھپے ہوئے گناہ ان گناہوں سے کہیں زیادہ ہوں گے جو ظاہر ہوئے ہیں۔ یہ اس کی صفت پردہ پوشی ہی کا تو کرشمہ ہے کہ باوجود افشائے عیوب و معاصی کے اسباب مہیا کرنے کے وہ پردہ چاک نہیں کرتا اور دوسروں کو اس کے معائب پر مطلع نہیں ہونے دیتا۔ اسی پردہ پوشی کی بنا پر اس نے زنا کے ثبوت کیلئے چار عینی گواہوں کی کڑی شرط لگا دی ہے، تاکہ گنہگار کے گناہ پر پردہ پڑا رہے اور دوسروں کے عیوب اچھالنے سے منع فرمایا ہے۔ چنانچہ ارشاد الٰہی ہے:

اِنَّ الَّذِيْنَ يُحِبُّوْنَ اَنْ تَشِيْعَ الْفَاحِشَۃُ فِي الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَہُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ۝

جو لوگ یہ پسند کرتے ہیں کہ ایمان لانے والوں کی برائیاں نشر ہوں ان کیلئے درد ناک عذاب ہے۔۱

خداوند عالم کی یہ پردہ پوشی صرف دنیا ہی میں نہیں ہے، بلکہ آخرت میں بھی وہ پردہ داری سے کام لے گا۔ چنانچہ وارد ہوا ہے کہ پیغمبر اکرمؐ موقف حساب میں عرض کریں گے کہ اے میرے معبود! میری امت کا حساب و کتاب انبیاء علیہ السلام اور دوسری امتوں کے سامنے نہ لیا جائے تاکہ میری امت کے گناہوں اور لغزشوں پر کوئی مطلع نہ ہو۔ لہٰذا میری امت کا محاسبہ صرف میرے سامنے ہو۔ اس موقع پر قدرت کی طرف سے ارشاد ہو گا کہ: ”اے محمدؐ! میں اپنے بندوں پر تم سے زیادہ رحیم و مہربان ہوں۔ جب تمہیں یہ گوارا نہیں کہ تمہاری امت کے گناہ و معائب کسی اور پر ظاہر ہوں تو میں بھی یہ گوارا نہیں کر سکتا کہ میں اپنے بندوں کو تمہارے سامنے نادم و رسوا کروں، لہٰذا میں جانوں اور ان کا حساب و کتاب“۔۲

بہرحال اس دنیا میں پردہ پوشی کا نفسیاتی طور پر یہ اثر ہوتا ہے کہ بندہ اس کی مرحمت و عیب پوشی کو دیکھتے ہوئے خود اپنے مقام پر شرمندہ ہوتا ہے اور یہ شرمندگی اسے جھنجھوڑتی اور توبہ کی راہ دکھاتی ہے اور وہ جذبۂ ممنونیت سے متاثر ہو کر گناہوں سے دستبردار ہونے کا ارادہ کر لیتا ہے۔ اور جس کا پردہ خود اپنے ہاتھوں چاک ہو جاتا ہے اور زبانوں پر اس کے معائب کا چرچا ہونے لگتا ہے تو دوسرے لوگ اگرچہ ویسے ہی گناہوں کے مرتکب ہوتے ہوں یا ہوتے رہے ہوں اس پر زبان طعن کھولتے اور اسے مورد الزام ٹھہراتے ہیں جس کے نتیجے میں اس کے دل میں نفرت بھر جاتی ہے اور یہ جوش نفرت ضد اور ہٹ دھرمی کی صورت اختیار کر لیتا ہے اور وہ مزید رسوائی کی پروا کئے بغیر گناہوں میں جری و بے باک ہو جاتا ہے اور جو شرم کی ہلکی سی نقاب اس کے چہرے پر ہوتی ہے، اتر جاتی ہے اور علانیہ گناہوں کا مرتکب ہونے لگتا ہے۔

سورۂ نور، آیت ۱۹

نہج الفصاحۃ ص ۵۱۷، کنزالعمال، ج ۱۴ ص ۳۸۹۷۲