(۴۱) وَ كَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ فِی طَلَبِ السِّتْرِ وَ الْوِقَایَةِ دُعا (۴۱) پردہ پوشی اور حفظ و نگہداشت کیلئے یہ دُعا پڑھتے:
جو شخص گناہ کو گناہ سمجھتا ہے وہ فطرةً یہ چاہتا ہے کہ اس کے گناہ پر پردہ پڑا رہے اور کسی کو اس کے گناہ پر اطلاع نہ ہو اور نہ کوئی اسے ارتکابِ معصیت کرتے ہوئے دیکھے۔ یہ پردہ داری کی خواہش اس کی دلیل ہے کہ وہ گناہوں کو قابل نفرت سمجھتا ہے اور اس کے اظہار و اعلان میں شرم محسوس کرتا ہے اور یہ شرم مبدا و معاد کے تصور اور کوتاہی کے احساس کا نتیجہ ہے۔ جب انسان اس جذبہ کے زیر اثر اپنے گناہ کو چھپانا چاہتا ہے تو قدرت بھی ایسے اسباب مہیا کر دیتی ہے جو اس کی پردہ پوشی میں معین ثابت ہوتے ہیں اور آخرت میں بھی خداوند عالم اس کے گناہوں پر پردہ ڈالے گا اور دوسروں کی نگاہوں میں اسے ذلیل و سبک نہ ہونے دے گا۔ اور جس طرح دنیا میں اس کی پردہ پوشی کی ہے اسی طرح آخرت میں بھی اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ چنانچہ امام جعفر صادق علیہ السلام کا ارشاد ہے: اِذَا كَانَ يَوْمُ الْقِيٰمَةِ تَجَلَّى اللّٰهُ عَزَّ وَ جَلَّ لِعَبْدِهِ الْمُؤْمِنِ فَيُوْقِفُهٗ عَلٰى ذُنُوْبِهٖ ذَنْبًا ذَنْبًا، ثُمَّ يَغْفِرُ اللّٰهُ لَهٗ لَا يُطْلِعُ اللّٰهُ عَلٰى ذٰلِكَ مَلَكًا مُّقَرَّبًا وَّ لَا نَبِيًّا مُّرْسَلًا، وَ يَسْتُرُ عَلَيْهِ مَا يَكْرَهُ اَنْ يَّقِفَ عَلَيْهِ اَحَدٌ، ثُمَّ يَقُوْلُ لِسَيِّئَاتِهٖ كُوْنِیْ حَسَنَاتٍ.
جب قيامت کا دن ہو گا اور بندہ ٔمومن کیلئے جلوہ الٰہی کا ظہور ہو گا تو اللہ سبحانہ اس کے گناہوں میں سے ایک ایک گناہ پر اسے مطلع کرے گا، پھر اسے بخش دے گا اور اس کے گناہوں پر نہ کسی مقرب فرشتے کو اور نہ کسی نبی مرسل کو آگاہ کرے گا۔ اور جن چیزوں پر کسی کا مطلع ہونا وہ پسند نہ کرتا تھا انہیں پوشیدہ رہنے دے گا۔ پھر اس کی برائیوں کو نیکیوں سے بدل دے گا۔ ۳
اور جو شخص علانیہ اپنے گناہوں کو بیان کرتا ہے یا اس کی پرواہ نہیں کرتا کہ اس کا گناہ ڈھکا چھپا رہے یا کھل جائے تو وہ نظر مرحمت باری سے محروم رہتا ہے۔ چنانچہ پیغمبر اکرم ﷺ کا ارشاد ہے: اَلْمُذِيْعُ بِالسَّيِّئَةِ مَخْذُوْلٌ وَّ الْمُسْتَتِرُ بِالسَّيِّئَةِ مَغْفُوْرٌ لَّهٗ.
گناہوں کا اعلان کرنے والا محروم رہے گا اور چھپانے والا بخش دیا جائے گا۔ ۴
گناہ کو چھپانے کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انسان گناہوں میں بے باک نہیں ہونے پاتا۔ اور جب دوسرے اس کے گناہوں کے مخفی ہونے کی وجہ سے اس سے حسن ظن رکھتے ہیں تو وہ بھی یہ چاہے گا کہ ارتکاب معاصی سے باز رہے تا کہ دوسروں کا حسن ظن باقی رہ سکے۔
عیون اخبار الرضا، ج ۲، ص ۳۳
الکافی، ج ۲، ص ۴۲۸