اَللّٰهُمَّ اِنَّكَ اَعَنْتَنِیْ عَلٰى خَتْمِ كِتَابِكَ
1
بار الٰہا ! تو نے اپنی کتاب کے ختم کرنے پر میری مدد فرمائی
1
الَّذِیْۤ اَنْزَلْتَهٗ نُوْرًا
2
وہ کتاب جسے تو نے نور بناکر اتارا
2
وَجَعَلْتَهٗ مُهَیْمِنًا عَلٰى كُلِّ كِتَابٍ اَنْزَلْتَهٗ
3
اور تمام کتب سماویہ پر اسے گواہ بنایا
3
وَفَضَّلْتَهٗ عَلٰى كُلِّ حَدِیْثٍ قَصَصْتَهٗ
4
اور ہر اس کلام پر جسے تو نے بیان فرمایا اسے فوقیت بخشی
4
وَفُرْقَانًا فَرَقْتَ بِهٖ بَیْنَ حَلَالِكَ وَحَرَامِكَ
5
اور (حق و باطل میں) حد فاصل قرار دیا جس کے ذریعہ حلال و حرام الگ الگ کر دیا
5
وَقُرْاٰنًاۤ اَعْرَبْتَ بِهٖ عَنْ شَرَآئِعِ اَحْكَامِكَ
6
وہ قرآن جس کے ذریعہ شریعت کے احکام واضح کئے
6
وَكِتَابًا فَصَّلْتَهٗ لِعِبَادِكَ تَفْصِیْلًا
7
وہ کتاب جسے تو نے اپنے بندوں کیلئے شرح و تفصیل سے بیان کیا
7
وَوَحْیًاۤ اَنْزَلْتَهٗ عَلٰى نَبِیِّكَ مُحَمَّدٍ صَلَوَاتُكَ عَلَیْهِ وَاٰلِهٖ تَنْزِیْلًا۔
8
اور وہ وحی (آسمانی) جسے اپنے پیغمبر محمدؐ پر نازل فرمایا۔
8
وَجَعَلْتَهٗ نُوْرًا نَّهْتَدِیْ مِنْ ظُلَمِ الضَّلَالَةِ وَالْجَهَالَةِ بِاتِّبَاعِهٖ
9
جسے وہ نور بنایا جس کی پیروی سے ہم گمراہی و جہالت کی تاریکیوں میں ہدایت حاصل کرتے ہیں
9
وَشِفَآءً لِّمَنْ اَنْصَتَ بِفَهَمِ التَّصْدِیْقِ اِلَى اسْتِمَاعِهٖ
10
اور اس شخص کیلئے اسے شفا قرار دیا جو اس پر اعتقاد رکھتے ہوئے اسے سمجھنا چاہے اور خاموشی کے ساتھ اسے سنے
10
وَمِیْزَانَ قِسْطٍ لَّا یَحِیْفُ عَنِ الْحَقِّ لِسَانُهٗ
11
اور وہ عدل و انصاف کا ترازو بنایا جس کا کانٹا حق سے ادھر ادھر نہیں ہوتا
11
وَنُوْرَ هُدًى لَّا یَطْفَاُ عَنِ الشَّاهِدِیْنَ بُرْهَانُهٗ
12
اور وہ نورِ ہدایت قرار دیا جس کی دلیل و برہان کی روشنی (توحید و نبوت کی) گواہی دینے والوں کیلئے بجھتی نہیں
12
وَعَلَمَ نَجَاةٍ لَّا یَضِلُّ مَنْ اَمَّ قَصْدَ سُنَّتِهٖ
13
اور وہ نجات کا نشان بنایا کہ جو اس کے سیدھے طریقہ پر چلنے کا ارادہ کرے وہ گمراہ نہیں ہوتا
13
وَلَا تَنَالُ اَیْدِی الْهَلَكَاتِ مَنْ تَعَلَّقَ بِعُرْوَةِ عِصْمَتِهٖ۔
14
اور جو اس کی ریسمان کے بندھن سے وابستہ ہو وہ (خوف و فقر و عذاب کی) ہلاکتوں کے دسترس سے باہر ہو جاتا ہے۔
14
اَللّٰهُمَّ فَاِذْ اَفَدْتَنَا الْمَعُوْنَةَ عَلٰى تِلَاوَتِهٖ
15
بار الٰہا! جبکہ تو نے اس کی تلاوت کے سلسلہ میں ہمیں مدد پہنچائی
15
وَسَهَّلْتَ جَوَاسِیَ اَلْسِنَتِنَا بِحُسْنِ عِبَارَتِهٖ
16
اور اس کی حسن ادائیگی کیلئے ہماری زبان کی گرہیں کھول دیں
16
فَاجْعَلْنَا مِمَّنْ یَّرْعَاهُ حَقَّ رِعَایَتِهٖ
17
تو پھر ہمیں ان لوگوں میں سے قرار دے جو اس کی پوری طرح حفاظت و نگہداشت کرتے ہوں
17
وَیَدِیْنُ لَكَ بِاعْتِقَادِ التَّسْلِیْمِ لِمُحْكَمِ اٰیَاتِهٖ
18
اور اس کی محکم آیتوں کے اعتراف و تسلیم کی پختگی کے ساتھ تیری اطاعت کرتے ہوں
18
وَیَفْزَعُ اِلَى الْاِقْرَارِ بِمُتَشَابِهِهٖ وَمُوْضَحَاتِ بَیِّنَاتِهٖ۔
19
اور متشابہ آیتوں اور روشن و واضح دلیلوں کے اقرار کے سایہ میں پناہ لیتے ہوں۔
19
اَللّٰهُمَّ اِنَّكَ اَنْزَلْتَهٗ عَلٰى نَبِیِّكَ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللّٰهُ عَلَیْهِ وَاٰلِهٖ مُجْمَلًا
20
اے اللہ! تو نے اسے اپنے پیغمبر محمدؐ پر اجمال کے طور پر اتارا
20
وَاَلْهَمْتَهٗ عِلْمَ عَجَآئِبِهٖ مُكَمَّلًا
21
اور اس کے عجائب و اسرار کا پورا پورا علم نہیں القا کیا
21
وَوَرَّثْتَنَا عِلْمَهٗ مُفَسَّرًا
22
اور اس کے علم تفصیلی کا ہمیں وارث قرار دیا
22
وَفَضَّلْتَنَا عَلٰى مَنْ جَهِلَ عِلْمَهٗ
23
اور جو اس کا علم نہیں رکھتے ان پر ہمیں فضیلت دی
23
وَقَوَّیْتَنَا عَلَیْهِ
24
اور اس کے مقتضیات پر عمل کرنے کی قوت بحشی
24
لِتَرْفَعَنَا فَوْقَ مَنْ لَّمْ یُطِقْ حَمْلَهٗ۔
25
تاکہ جو اس کے حقائق کے متحمل نہیں ہو سکتے ان پر ہماری فوقیت و برتری ثابت کر دے۔
25
اَللّٰهُمَّ فَكَمَا جَعَلْتَ قُلُوْبَنَا لَهٗ حَمَلَةً
26
اے اللہ! جس طرح تو نے ہمارے دلوں کو قرآن کا حامل بنایا
26
وَعَرَّفْتَنَا بِرَحْمَتِكَ شَرَفَهٗ وَفَضْلَهٗ
27
اور اپنی رحمت سے اس کے فضل و شرف سے آگاہ کیا
27
فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ الْخَطِیْبِ بِهٖ
28
یونہی رحمت نازل فرما محمدؐ پر جو قرآن کے خطبہ خواں
28
وَعَلٰى اٰلِهِ الْخُزَّانِ لَهٗ
29
اور ان کی آلؑ پر جو قرآن کے خزینہ دار ہیں
29
وَاجْعَلْنَا مِمَّنْ یَّعْتَرِفُ بِاَنَّهٗ مِنْ عِنْدِكَ
30
اور ہمیں ان لوگوں میں سے قرار دے جو یہ اقرار کرتے ہیں کہ یہ تیری جانب سے ہے
30
حَتّٰى لَا یُعَارِضَنَا الشَّكُّ فِیْ تَصْدِیْقِهٖ
31
تاکہ اس کی تصدیق میں ہمیں شک و شبہ لا حق نہ ہو
31
وَلَا یَخْتَلِجَنَا الزَّیْغُ عَنْ قَصْدِ طَرِیْقِهٖ۔
32
اور اس کے سیدھے راستہ سے روگردانی کا خیال بھی نہ آنے پائے۔
32
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
33
اے اللہ ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
33
وَاجْعَلْنَا مِمَّنْ یَّعْتَصِمُ بِحَبْلِهٖ
34
اور ہمیں ان لوگوں میں سے قرار دے جو اس کی ریسمان سے وابستہ
34
وَیَاْوِیْ مِنَ الْمُتَشَابِهَاتِ اِلٰى حِرْزِ مَعْقِلِهٖ
35
اور مشتبہ امور میں اس کی محکم پناہ گاہ کا سہارا لیتے
35
وَیَسْكُنُ فِیْ ظِلِّ جَنَاحِهٖ
36
اور اس کے پروں کے زیر سایہ منزل کرتے
36
وَیَهْتَدِیْ بِضَوْءِ صَبَاحِهٖ
37
اس کی صبح درخشاں کی روشنی سے ہدایت پاتے
37
وَیَقْتَدِیْ بِتَبَلُّجِ اَسْفَارِهٖ
38
اور اس کے نور کی درخشندگی کی پیروی کرتے
38
وَیَسْتَصْبِـحُ بِمِصْبَاحِهٖ
39
اور اس کے چراغ سے چراغ جلاتے ہیں
39
وَلَا یَلْتَمِسُ الْهُدٰى فِیْ غَیْرِهٖ۔
40
اور اس کے علاوہ کسی سے ہدایت کے طالب نہیں ہوتے۔
40
اَللّٰهُمَّ وَكَمَا نَصَبْتَ بِهٖ مُحَمَّدًا عَلَمًا لِّلدَّلَالَةِ عَلَیْكَ
41
بار الٰہا! جس طرح تو نے اس قرآن کے ذریعہ محمدؐ کو اپنی رہنمائی کا نشان بنایا ہے
41
وَاَنْهَجْتَ بِاٰلِهٖ سُبُلَ الرِّضَاۤ اِلَیْكَ
42
اور ان کی آل علیہم السلام کے ذریعہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہیں آشکارا کی ہیں
42
فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
43
یونہی محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
43
وَاجْعَلِ الْقُرْاٰنَ وَسِیْلَةً لَناۤ اِلٰۤى اَشْرَفِ مَنَازِلِ الْكَرَامَةِ
44
اور ہمارے لیے قرآن کو عزت و بزرگی کی بلند پایہ منزلوں تک پہنچنے کا وسیلہ
44
وَسُلَّمًا نَّعْرُجُ فِیْهِ اِلٰى مَحَلِّ السَّلَامَةِ
45
اور سلامتی کے مقام تک بلند ہونے کا زینہ
45
وَسَبَبًا نُّجْزٰى بِهِ النَّجَاةَ فِیْ عَرْصَةِ الْقِیٰمَةِ
46
اور میدان حشر میں نجات کو جزا میں پانے کا سبب
46
وَذَرِیْعَةً نَّقْدَمُ بِهَا عَلٰى نَعِیْمِ دَارِ الْمُقَامَةِ۔
47
اور محل قیام (جنت) کی نعمتوں تک پہنچے کا ذریعہ قرار دے۔
47
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
48
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
48
وَاحْطُطْ بِالْقُرْاٰنِ عَنَّا ثِقْلَ الْاَوْزَارِ
49
اور قرآن کے ذریعہ گناہوں کا بھاری بوجھ ہمارے سر سے اتار دے
49
وَهَبْ لَنا حُسْنَ شَمَآئِلِ الْاَبْرَارِ
50
اور نیکوکاروں کے اچھے خصائل و عادات ہمیں مرحمت فرما
50
وَاقْفُ بِنَاۤ اٰثَارَ الَّذِیْنَ قَامُوْا لَكَ بِهٖۤ اٰنَآءَ اللَّیْلِ وَاَطْرَافَ النَّهَارِ
51
اور ان لوگوں کے نقش قدم پر چلا جو تیرے لیے رات کے لمحوں اور صبح و شام ( کی ساعتوں ) میں اسے اپنا دستوار العمل بناتے ہیں
51
حَتّٰى تُطَهِّرَنَا مِنْ كُلِّ دَنَسٍ بِتَطْهِیْرِهٖ
52
تاکہ اس کی تطہیر کے وسیلہ سے تو ہمیں ہر آلودگی سے پاک کر دے
52
وَتَقْفُوَبِنَاۤ اٰثَارَ الَّذِیْنَ اسْتَضَآءُوْا بِنُوْرِهٖ
53
اور ان لوگوں کے نقش قدم پر چلائے جنہوں نے اس کے نور سے روشنی حاصل کی ہے
53
وَلَمْ یُلْهِهِمُ الْاَمَلُ عَنِ الْعَمَلِ
54
اور امیدوں نے انہیں عمل سے غافل نہیں ہونے دیا
54
فَیَقْطَعَهُمْ بِخُدَعِ غُرُوْرِهٖ۔
55
کہ انہیں اپنے فریب کی نیزنگیوں سے تباہ کر دیں۔
55
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
56
اے اللہ ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
56
وَاجْعَلِ الْقُرْاٰنَ لَنا فِیْ ظُلَمِ اللَّیَالِیْ مُوْنِسًا
57
اور قرار دے قرآن کو رات کی تاریکیوں میں ہمارا مونس
57
وَمِنْ نَّزَغَاتِ الشَّیْطٰنِ وَخَطَرَاتِ الْوَسَاوِسِ حَارِسًا
58
اور شیطان کے مفسدوں اور دل میں گزرنے والے وسوسوں سے نگہبانی کرنے
58
وَلِاَقْدَامِنَا عَنْ نَّقْلِهَاۤ اِلَى الْمَعَاصِیْ حَابِسًا
59
اور ہمارے قدموں کو نافرمانیوں کی طرف بڑھنے سے روک دینے والا
59
وَلِاَلْسِنَتِنَا عَنِ الْخَوْضِ فِی الْبَاطِلِ مِنْ غَیْرِ مَا اٰفَةٍ مُّخْرِسًا
60
اور ہماری زبانوں کو باطل پیمائیوں سے بغیر کسی مرض کے گنگ کر دینے والا
60
وَلِجَوَارِحِنَا عَنِ اقْتِرَافِ الْاٰثَامِ زَاجِرًا
61
اور ہمارے اعضاء کو ارتکاب گناہ سے باز رکھنے والا
61
وَلِمَا طَوَتِ الْغَفْلَةُ عَنَّا مِنْ تَصَفُّحِ الْاِعْتِبَارِ نَاشِرًا
62
اور ہماری غفلت و مدہوشی نے جس دفتر عبرت و پند اندوزی کو تہ کر رکھا ہے اسے پھیلانے والا قرار دے
62
حَتّٰى تُوْصِلَ اِلٰى قُلُوْبِنَا فَهْمَ عَجَآئِـبِهٖ
63
تاکہ ہمارے دلوں میں اتار دے اس کے عجائب و رموز کی حقیقتوں کو
63
وَزَوَاجِرَ اَمْثَالِهِ
64
اور اس کی متنبہ کرنے والی مثالوں کو
64
الَّتِیْ ضَعُفَتِ الْجِبَالُ الرَّوَاسِیْ عَلٰى صَلَابَتِهَا عَنِ احْتِمَالِهٖ۔
65
کہ جنہیں اٹھانے سے پہاڑ اپنے استحکام کے باوجود عاجز آ چکے ہیں۔
65
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
66
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
66
وَاَدِمْ بِالْقُرْاٰنِ صَلَاحَ ظَاهِرِنَا
67
اور قرآن کے ذریعہ ہمارے ظاہر کو ہمیشہ صلاح و رشد سے آراستہ رکھ
67
وَاحْجُبْ بِهٖ خَطَرَاتِ الْوَسَاوِسِ عَنْ صِحَّةِ ضَمَآئِرِنَا
68
اور ہمارے ضمیر کی فطری سلامتی سے غلط تصورات کی دخل دراندازی کو روک دے
68
وَاغْسِلْ بِهٖ دَرَنَ قُلُوْبِنَا وَعَلَآئِقَ اَوْزَارِنَا
69
اور ہمارے دلوں کی کثافتوں اور گناہوں کی آلودگیوں کو دھو دے
69
وَاجْمَعْ بِهٖ مُنْتَشَرَ اُمُوْرِنَا
70
اور اس کے ذریعہ ہمارے پراگندہ امور کی شیرازہ بندی کر
70
وَاَرْوِ بِهٖ فِیْ مَوْقِفِ الْعَرْضِ عَلَیْكَ ظَمَاَ هَوَاجِرِنَا
71
اور میدان حشر میں ہماری جھلستی ہوئی دوپہروں کی تپش و تشنگی بجھا دے
71
وَاكْسُنَا بِهٖ حُلَلَ الْاَمَانِ یَوْمَ الْفَزَعِ الْاَكْبَرِ فِیْ نُشُوْرِنَا۔
72
اور سخت خوف و ہراس کے دن جب قبروں سے اٹھیں تو ہمیں امن و عافیت کے جامے پہنا دے۔
72
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
73
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
73
وَاجْبُرْ بِالْقُرْاٰنِ خَلَّتَنَا مِنْ عَدَمِ الْاِمْلَاقِ
74
اور قرآن کے ذریعہ فقر و احتیاج کی وجہ سے ہماری خستگی و بدحالی کا تدارک فرما
74
وَسُقْ اِلَیْنَا بِهٖ رَغَدَ الْعَیْشِ وَخِصْبَ سَعَةِ الْاَرْزَاقِ
75
اور زندگی کی کشائش اور فراخ روزی کی آسودگی کا رخ ہماری جانب پھیر دے
75
وَجَنِّبْنَا بِهِ الضَّرَآئِبَ الْمَذْمُوْمَةَ وَمَدَانِیَ الْاَخْلَاقِ
76
اور بُرے عادات اور پست اخلاق سے ہمیں دور کر دے
76
وَاعْصِمْنَا بِهٖ مِنْ هُوَّةِ الْكُفْرِ وَدَوَاعِی النِّفَاقِ
77
اور کفر کے گڑھے (میں گرنے) اور نفاق انگیز چیزوں سے بچا لے
77
حَتّٰى یَكُوْنَ لَنا فِی الْقِیٰمَةِ اِلٰى رِضْوَانِكَ وَجِنَانِكَ قَآئِدًا
78
تاکہ وہ ہمیں قیامت میں تیری خوشنودی و جنت کی طرف بڑھانے والا
78
وَلَنا فِی الدُّنْیَا عَنْ سُخْطِكَ وَتَعَدِّیْ حُدُوْدِكَ ذَآئِدًا
79
اور دنیا میں تیری ناراضگی اور حدود شکنی سے روکنے والا ہو
79
وَلِمَا عِنْدَكَ بِتَحْلِیْلِ حَلَالِهٖ وَتَحْرِیْمِ حَرَامِهٖ شَاهِدًا۔
80
اور اس امر پر گواہ ہو کہ جو چیز تیرے نزدیک حلال تھی اسے حلال جانا اور جو حرام تھی اسے حرام سمجھا۔
80
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
81
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
81
وَهَوِّنْ بِالْقُرْاٰنِ عِنْدَ الْمَوْتِ عَلٰۤى اَنْفُسِنَا
82
اور اس قرآن کے وسیلہ سے ہم پر آسان فرما موت کے ہنگام
82
كَرْبَ السِّیَاقِ، وَجَهْدَ الْاَنِیْنِ
83
نزع کی اذیتوں، کراہنے کی سختیوں
83
وَتَرَادُفَ الْحَشَارِجِ
84
اور جان کنی کی لگاتار ہچکیوں کو
84
اِذَا بَلَغَتِ النُّفُوْسُ التَّرَاقِیَ
85
جبکہ جان گلے تک پہنچ جائے
85
اور کہا جائے کہ کوئی جھاڑ پھونک کرنے والا ہے (جو کچھ تدراک کرے)
86
وَتَجَلّٰى مَلَكُ الْمَوْتِ لِقَبْضِهَا مِنْ حُجُبِ الْغُیُوْبِ
87
اور ملک الموت غیب کے پردے چیر کر قبض روح کیلئے سامنے آئے
87
وَرَمَاهَا عَنْ قَوْسِ الْمَنَایَا بِاَسْهُمِ وَحْشَةِ الْفِرَاقِ
88
اور موت کی کمان میں فراق کی دہشت کے تیر جوڑ کر اپنے نشانہ کی زد پر رکھ لے
88
وَدَافَ لَهَا مِنْ ذُعَافِ الْمَوْتِ كَاْسًا مَّسْمُوْمَةَ الْمَذَاقِ
89
اور موت کے زہریلے جام میں زہر ہلاہل گھول دے
89
وَدَنَا مِنَّاۤ اِلَى الْاٰخِرَةِ رَحِیْلٌ وَّانْطِلَاقٌ
90
اور آخرت کی طرف ہمارا چل چلاؤ اور کوچ قریب ہو
90
وَصَارَتِ الْاَعْمَالُ قَلَآئِدَ فِی الْاَعْنَاقِ
91
اور ہمارے اعمال ہماری گردن کا طوق بن جائیں
91
وَكَانَتِ الْقُبُوْرُ هِیَ الْمَاْوٰى اِلٰى مِیْقَاتِ یَوْمِ التَّلَاقِ۔
92
اور قبریں روز حشر کی ساعت تک آرام گاہ قرار پائیں۔
92
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
93
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
93
وَبَارِكْ لَنا فِیْ حُلُوْلِ دَارِ الْبِلٰى
94
اور ہمارے لیے مبارک کرنا کہنگی و بوسیدگی کے گھر میں اترنے
94
وَطُوْلِ الْمُقَامَةِ بَیْنَ اَطْبَاقِ الثَّرٰى
95
اور مٹی کی تہوں میں مدت تک پڑے رہنے کو
95
وَاجْعَلِ الْقُبُوْرَ بَعْدَ فِرَاقِ الدُّنْیَا خَیْرَ مَنَازِلِنَا
96
اور دنیا سے منہ موڑنے کے بعد قبروں کو ہمارا اچھا گھر بنانا
96
وَافْسَحْ لَنا بِرَحْمَتِكَ فِیْ ضِیْقِ مَلَاحِدِنَا
97
اور اپنی رحمت سے ہمارے لیے گور کی تنگی کو کشادہ کر دینا
97
وَلَا تَفْضَحْنَا فِیْ حَاضِرِی الْقِیٰمَةِ بِمُوْبِقَاتِ اٰثَامِنَا
98
اور حشر کے عام اجتماع کے سامنے ہمارے مہلک گناہوں کی وجہ سے ہمیں رسوا نہ کرنا
98
وَارْحَمْ بِالْقُرْاٰنِ فِیْ مَوْقِفِ الْعَرْضِ عَلَیْكَ ذُلَّ مَقَامِنَا
99
اور اعمال کے پیش ہونے کے مقام پر ہماری ذلت و خواری کی وضع پر رحم فرمانا
99
وَثَبِّتْ بِهٖ عِنْدَ اضْطِرَابِ جِسْرِ جَهَنَّمَ یَوْمَ الْمَجَازِ عَلَیْهَا زَلَلَ اَقْدَامِنَا
100
اور جس دن جہنم کے پل پر سے گزرنا ہو گا تو اس کے لڑکھڑانے کے وقت ہمارے ڈگمگاتے ہوئے قدموں کو جما دینا
100
وَنَوِّرْ بِهٖ قَبْلَ الْبَعْثِ سُدَفَ قُبُوْرِنَا
101
[اور اس کے ذریعہ قیامت سے پہلے ہماری قبروں کی تاریکی کو روشنی میں بدل دے]
101
وَنَجِّنَا بِهٖ مِنْ كُلِّ كَرْبٍ یَّوْمَ الْقِیٰمَةِ
102
اور قیامت کے دن ہمیں اس کے ذریعہ ہر اندوہ سے نجات دینا
102
وَشَدَآئِدِ اَهْوَالِ یَوْمِ الطَّامَّةِ
103
اور روز حشر کی سخت ہولناکیوں سے بھی
103
وَبَیِّضْ وُجُوْهَنَا یَوْمَ تَسْوَدُّ وُجُوْهُ الظَّلَمَةِ فِیْ یَوْمِ الْحَسْرَةِ وَالنَّدَامَةِ
104
اور جبکہ حسرت و ندامت کے دن ظالموں کے چہرے سیاہ ہوں گے ہمارے چہروں کو نورانی کرنا
104
وَاجْعَلْ لَنا فِیْ صُدُوْرِ الْمُؤْمِنِیْنَ وُدًّا
105
اور مومنین کے دلوں میں ہماری محبت پیدا کر دے
105
وَلَا تَجْعَلِ الْحَیَاةَ عَلَیْنَا نَكَدًا۔
106
اور زندگی کو ہمارے لیے دشوار گزار نہ بنا۔
106
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ عَبْدِكَ وَرَسُوْلِكَ
107
اے اللہ! محمدؐ جو تیرے خاص بندے اور رسول ہیں ان پر رحمت نازل فرما
107
كَمَا بَلَّغَ رِسَالَتَكَ
108
جس طرح انہوں نے تیرا پیغام پہنچایا
108
تیری شریعت کو واضح طور سے پیش کیا
109
وَنَصَحَ لِعِبَادِكَ۔
110
اور تیرے بندوں کو پند و نصیحت کی۔
110
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْ نَبِیَّنَا صَلَوَاتُكَ عَلَیْهِ وَعَلٰۤى اٰلِهٖ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ اَقْرَبَ الْنَّبِیِّیْنَ مِنْكَ مَجْلِسًا
111
اے اللہ! ہمارے نبیؐ کو قیامت کے دن تمام نبیوں سے منزلت کے لحاظ سے مقرب تر
111
وَاَمْكَنَهُمْ مِنْكَ شَفَاعَةً
112
شفاعت کے لحاظ سے برتر
112
وَاَجَلَّهُمْ عِنْدَكَ قَدْرًا
113
قدرو منزلت کے اعتبار سے بزرگ تر
113
وَاَوْجَهَهُمْ عِنْدَكَ جَاهًا۔
114
اور جاہ و مرتبت کے اعتبار سے ممتاز تر قرار دے۔
114
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ
115
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
115
وَشَرِّفْ بُنْیَانَهٗ
116
اور ان کے ایوان (عزو شرف) کو بلند
116
وَعَظِّمْ بُرْهَانَهٗ
117
ان کی دلیل و برہان کو عظیم
117
وَثَقِّلْ مِیْزَانَهٗ
118
اور ان کے میزان (عمل کے پلہ) کو بھاری کر دے
118
وَتَقَبَّلْ شَفَاعَتَهٗ
119
ان کی شفاعت کو قبول فرما
119
وَقَرِّبْ وَسِیْلَـتَهٗ
120
اور ان کی منزلت کو اپنے سے قریب کر
120
وَاَتِمَّ نُوْرَهٗ، وَارْفَعْ دَرَجَتَهٗ
122
ان کے نور کو کامل اور ان کے درجہ کو بلند فرما
122
وَاَحْیِنَا عَلٰى سُنَّتِهٖ
123
اور ہمیں انہی کے آئین پر زندہ رکھ
123
وَتَوَفَّنَا عَلٰى مِلَّتِهٖ
124
اور انہی کے دین پر موت دے
124
وَخُذْ بِنَا مِنْهَاجَهٗ
125
اور انہی کی شاہراہ پر گامزن کر
125
وَاسْلُكْ بِنَا سَبِیْلَهٗ
126
اور انہی کے راستہ پر چلا
126
وَاجْعَلْنَا مِنْ اَهْلِ طَاعَتِهٖ
127
اور ہمیں ان کے فرمانبرداروں میں سے قرار دے
127
وَاحْشُرْنَا فِیْ زُمْرَتِهٖ
128
اور ان کی جماعت میں محشور کر
128
وَاَوْرِدْنَا حَوْضَهٗ
129
اور ان کے حوض پر اتار
129
وَاسْقِنَا بِكَاْسِهٖ۔
130
اور ان کے ساغر سے سیراب فرما۔
130
وَصَلِّ اللّٰهُمَّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَاٰلِهٖ
131
اے اللہ! محمدؐ اور ان کی آلؑ پر ایسی رحمت نازل فرما
131
صَلَاةً تُبَلِّغُهٗ بِهَاۤ اَفْضَلَ مَا یَاْمُلُ مِنْ خَیْرِكَ وَفَضْلِكَ وَكَرَامَتِكَ
132
جس کے ذریعہ انہیں بہترین نیکی، فضل اور عزت تک پہنچا دے جس کے وہ امیدوار ہیں
132
اِنَّكَ ذُوْ رَحْمَةٍ وَّاسِعَةٍ وَفَضْلٍ كَرِیْمٍ۔
133
اس لیے کہ تو وسیع رحمت اور عظیم فضل و احسان کا مالک ہے۔
133
اَللّٰهُمَّ اجْزِهٖ بِمَا بَلَّغَ مِنْ رِسَالَاتِكَ
134
اے اللہ! ان سب کی انہیں جزا دے انہوں نے جو تیرے پیغامات کی تبلیغ کی
134
وَاَدّٰى مِنْ اٰیَاتِكَ
135
تیری آیتوں کو پہنچایا
135
تیرے بندوں کو پند و نصیحت کی
136
وَجَاهَدَ فِیْ سَبِیْلِكَ
137
اور تیری راہ میں جہاد کیا
137
اَفْضَلَ مَا جَزَیْتَ اَحَدًا مِّنْ مَّلٰٓئِكَتِكَ الْمُقَرَّبِیْنَ
138
جو ہر اس جزا سے بہتر ہو جو تو نے مقرب فرشتوں کو عطا کی ہو
138
وَاَنبِیَآئِكَ الْمُرْسَلِیْنَ الْمُصْطَفَیْنَ
139
اور برگزیدہ مرسل نبیوں کو
139
وَالسَّلَامُ عَلَیْهِ وَعَلٰۤى اٰلِهِ الطَّیِّبِیْنَ الطَّاهِرِیْنَ
140
ان پر اور ان کی پاک و پاکیزہ آلؑ پر سلام ہو
140
وَرَحْمَةُ اللّٰهِ وَبَرَكَاتُهٗ۔
141
اور اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں ان کے شامل حال ہوں۔
141
یہ دعا، ”دعائے ختم قرآن“ کے نام سے موسوم ہے جسے امام علیہ السلام قرآن مجید ختم کرنے کے بعد پڑھتے تھے۔ لہٰذا اس دعا کو ختم قرآن کے بعد پڑھنا چاہیے۔ قرآن مجيد پند و نصائح، حکم و مواعظ، عبر و امثال اور احکام شريعت کا سرچشمہ ہے، اس لیے اسے پڑھنا، سننا اور اس میں غور و فکر کرنا ہماری زندگی کا معمول ہونا چاہیے۔ چنانچہ ارشاد باری ہے فَاقْرَءُوْا مَا تَيَسَّرَ مِنَ الْقُرْاٰنِ ”جتنا بآسانی قرآن پڑھ سکو اتنا پڑھ لیا کرو“ ۱۔ اس سلسلہ میں احادیث بھی بڑی کثرت سے وارد ہوئی ہیں جن میں تلاوت قرآن کے اجر و ثواب کا ذکر اور اس کے مرغوب و مطلوب ہونے کا تذکرہ ہے۔ چنانچہ حضرت امام حسین ابن علی علیہ السلام کا ارشاد ہے:
جو شخص قيام نماز میں قرآن مجید کی ایک آیت کی تلاوت کرے اس کے نامۂ اعمال میں ہر حرف کے بدلے سو نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔ اور اگر نماز کے علاوہ پڑھے تو خداوند عالم ہر حرف کے بدلے میں دس نیکیاں اس کے نامۂ اعمال میں ثبت کرتا ہے۔ اور اگر صرف قرآن کو سنے تو بھی اللہ ہر حرف کے بدلے میں نیکی لکھتا ہے۔ اور اگر قرآن رات کے وقت ختم کرے تو صبح تک فرشتے اس کیلئے دعائے رحمت کرتے ہیں اور اگر دن کو ختم کرے تو شام تک حفاظت کرنے والے ملائکہ اس پر درود و رحمت بھیجتے ہیں اور اس کی دعا قبول ہوتی ہے اور یہ اس کیلئے ہر اس چیز سے بہتر ہے جو زمین و آسمان کے درمیان ہے۔ ۲
مقصد تلاوت صرف یہ نہیں ہے کہ زبان پر الفاظ قرآن جاری ہو جائیں، بلکہ اصل مقصد یہ ہے کہ ان الفاظ کے ذریعہ قرآن کے تعلیمات دل و دماغ میں محفوظ ہو جائیں اور اخلاقی و روحانی افادیت اور علمی و عملی بصیرت کا باعث ہوں اور زندگی کو حق و صداقت کے سانچہ میں ڈھال دیں۔ اس لیے ضرورت ہے کہ تلاوت کے موقع پر ان آداب و شرائط کو ملحوظ رکھا جائے جو اس مقصد کے حصول میں معین ثابت ہوتے ہیں۔ چنانچہ یہ آداب کچھ ظاہر سے متعلق ہیں اور کچھ باطن سے۔
ظاہری آداب یہ ہیں کہ تلاوت کے وقت با وضو اور رو بقبلہ ہو، ادب و احترام کے ساتھ قرآن مجید کو کھول کر سامنے رکھے اور تلاوت سے پہلے اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ کہے اور آواز کو نہ زیادہ اونچا کرے اور نہ زیادہ دھیما۔ البتہ اگر نمود و ریا کا اندیشہ ہو تو پھر چپکے چپکے پڑھے۔ مخارج حروف کا لحاظ رکھے۔ وقف کے محل پر وقف کرے۔ ٹھہر ٹھہر کر اس کے جملے ادا کرے اور ممکن ہو تو خوش الحانی سے تلاوت کرے مگر آواز میں اتار چڑھاؤ اور غنا کی کیفیت پیدا نہ ہونے پائے چنانچہ پیغمبر اکرمؐ کا ارشاد ہے اِقْرَءُوا الْقُرْاٰنَ بِاَلْحَانِ الْعَرَبِ وَاَصْوَاتِهَا، وَاِيَّاكُمْ وَلُحُوْنَ اَهْلِ الْفِسْقِ وَاَهْلِ الْكَبَآئِرِ۔ قرآن کو عرب کے لحن اور لب و لہجہ میں پڑھو اور فاسقوں اور گنہگاروں کے طرز و لحن میں نہ پڑھو۔ ۳۔ جب دوران تلاوت میں ایسی آیت پر نظر پڑے جو عذاب و وعید پر مشتمل ہو تو اللہ تعالیٰ کے غضب سے پناہ مانگے۔ اور عالم آخرت کی کسی نعمت و بخشائش کا ذکر آئے تو اس کیلئے اللہ تعالیٰ کے سامنے دامن پھیلائے۔ دعا و استغفار کے سلسلہ میں کوئی آیت آئے تو دعا و استغفار کرے آیۂ سجدہ پڑھے تو فورا سجدہ کرے۔ اور تین دن سے کم عرصہ میں پورے قرآن کو ختم نہ کرے۔ اور جب کوئی سورہ ختم کرے تو یہ کہے صَدَقَ اللهُ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ وَ بَلَّغَ رَسُوْلُہُ الْکَرِیْمُ۔ اَللّٰھُمَّ انْفَعْنَا بِہٖ وَ بَارِكْ لَنَا فِیْہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَلَمِیْنَ۔
اور جب پورے قرآن کو ختم کرے تو دعائے ختم القرآن پڑھے۔ یہ آداب وہ ہیں جن کا تعلق صرف ظاہر سے ہے۔
٭ پہلے یہ کہ قرآن مجید کی عظمت و تقدیس کو نظر میں رکھے اور اس کا عام کتابوں کی طرح مطالعہ نہ کرے، بلکہ اپنے ذہن میں یہ تصور قائم کرے کہ یہ کتاب جو اس وقت ایک مجموعہ کی صورت میں اس کی نگاہوں کے سامنے ہے، ایک وقت لوح محفوظ کی زینت تھی جو مَلَک امین کے ذریعہ نبئ اکرمؐ کے قلب مبارک پر نازل ہوئی اور پھر ان کی زبان سے نکل کر فصحائے عالم کو گنگ کرتی ہوئی اس تک پہنچی ہے۔ جب یہ عظمت دل میں گھر کر لے گی تو فکر و نظر کی راہ آسان ہو جائے گی اور ایک ایسی صحت مند ذہنیت تشکیل پا جائے گی جو اخلاق و روحانیت کے اثرات کو قبول کرنے پر آمادہ کر دے گی۔
٭ دوسرے یہ کہ اس کے نازل کرنے والے کی عظمت و جلال کا تصور کرے کہ جو عرش و لوح، زمین و آسمان، چاند، سورج، دریا، پہاڑ، غرض کائنات کی ہر چیز پر محیط ہے اور ہر عظیم سے عظیم تر اور ہر عظمت سے اس کی عظمت بالاتر ہے اور جب اس کی عظمت سے متاثر ہو کر اس کی تلاوت کی جائے گی تو اس کے قصص و مثال اور حکم و نصائح پوری طرح دل و دماغ کو متاثر کریں گے۔
٭ تیسرے یہ کہ سوز و گداز، رقت قلب اور خضوع و خشوع کے ساتھ اس کی تلاوت کرے۔ اور یہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب دل، اللہ تعالیٰ اور اس کلام کی عظمت سے متاثر ہو۔ چنانچہ امام جعفر صادق علیہ السلام کا ارشاد ہے مَنْ قَرَاَ الْقُرْاٰنَ وَلَمْ يَخْضَعْ لِلّٰهِ وَلَمْ يَرِقَّ قَلْبُهٗ وَلَا يُنْشِئُ حَزَنًا وَّوَجَلًا فِیْ سِرِّهٖ فَقَدِ اسْتَهَانَ بِعِظَمِ شَاْنِ اللّٰهِ تَعَالٰى وَخَسِرَ خُسْرَانًا مُّبِيْنًا۔ جو شخص قرآن کی تلاوت کرے اور اس کے دل میں انکساری اور رقت کے جذبات اور ضمیر میں حزن و خوف کے کیفیات پیدا نہ ہوں تو اس نے اللہ تعالیٰ کی عظمت و منزلت کو سبک سمجھا اور سراسر نقصان میں رہا۔ ۴۔
٭ چوتھے یہ کہ شیطانی و سواس و خطرات اور فاسد خیالات کو اپنے دل سے دور رکھے تا کہ توجہ و حضور قلب حاصل ہو سکے، کیونکہ توجہ و انہماک نہ ہو تو تلاوت کی افادیت کمزور و مضمحل ہو جاتی ہے۔
٭ پانچویں یہ کہ تلاوت کے وقت قرآن مجید کے ہر گوشہ پر نظر رکھے۔ اس کے مطالب و مقاصد کو سمجھے اور سمجھنے کے بعد انہیں ذہن نشین کرے، تا کہ معانی و معارف کا سرمایہ دل و دماغ میں فراہم ہوتا رہے اور فہم و تدبر کی راہیں کھلتی رہیں۔ اور جب غور و فکر کا سر رشتہ ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے اور طبیعت اس طرف متوجہ نہیں ہوتی تو صلاحیت مردہ اور دل زنگ آلود ہو جاتا ہے۔ چنانچہ ارشاد الٰہی ہے اَفَلَا يَتَدَبَّرُوْنَ الْقُرْاٰنَ اَمْ عَلٰي قُلُوْبٍ اَقْفَالُہَا قرآن میں کچھ بھی تو غور نہیں کرتے یا یہ کہ ان کے دلوں پر تالے لگے ہوئے ہیں۔ ۵۔
٭ چھٹے یہ کہ صرف ظاہر معنی کے جاننے پر اکتفا نہ کرے، اس طرح کہ خالق کے معنی پیدا کرنے والے اور رازق کے معنی رزق دینے والے کے ہیں، بلکہ جن آیتوں میں اس کے اسماء و صفات اور مختلف افعال کا تذکرہ ہے ان میں غور و تدبر کرے کہ وہ خالق ہے تو اس کی خالقیت کی نوعیت کیا ہے اور کس طرح بغیر کسی مواد اور بغیر کسی نمونہ کے مختلف الانواع پیکر خلق کئے، اور رازق ہے تو اس کی رزاقیت کا دائرہ کتنا وسیع ہے کہ سمندر کی تہہ میں رہنے والے، فضا میں اڑنے والے، پہاڑوں کی کھوؤں میں بسنے والے سب ہی کو رزق مل رہا ہے اور شکم مادر میں کروٹیں بدلنے والے اور مفلوج و بے دست و پا تک کو روزی حاصل ہو رہی ہے۔ جوں جوں انسان اس کے صفات میں غور و فکر کرے گا اس کا تصور و ادراک اپنی درماندگی کا اعتراف کرے گا اور یہ اعتراف معرفت کے حدود سے قریب کر دے گا۔
٭ ساتویں یہ کہ جو امور فہم قرآن سے مانع ہوتے ہیں ان کا قلع قمع کرے۔ ان موانع میں سے چند یہ ہیں:
جب انسان کورانہ تقلید اور عصبیت کا شکار ہو جاتا ہے تو اس کے نتیجہ میں ایک مسلک کی جنبہ داری چاہے وہ کتنا ہی غلط کیوں نہ ہو اس کا وتیرہ بن جاتی ہے اور قرآن کو کھینچ تان کر اپنی رائے کے مطابق کرنے کی کوشش کرے گا اور قرآن کے واضح مفہوم کو نظر انداز کرکے خود ساختہ مطلب کو ثابت کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دے گا اور یہ کج فکری اس کی طبیعت میں اس طرح رچ بس جائے گی کہ طبیعت ثانیہ بن جائے گی اور اب اسے سیدھی سے سیدھی بات بھی ٹیڑھی اور ٹیڑھی سے ٹیڑھی بات بھی سیدھی دکھائی دے گی۔
اس سے ذہن کی انجلائی کیفیت ختم اور فکر و کاوش کی قوت معطل ہو جاتی ہے اور وہ یہ سمجھ لیتا ہے کہ بس جو مفسرین نے لکھ دیا ہے وہی صحیح ہے اور اس کے علاوہ اور کوئی تفسیر نہیں ہو سکتی اور وہ غور و فکر سے ہاتھ اٹھا کر انہی کے اقوال پر قانع ہو جاتا ہے۔
یہ بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے، کیونکہ گناہوں کے پیہم ارتکاب سے صفا و نورانیت ختم ہو جاتی ہے اور دل پر تاریکی و ظلمت کی ایسی تہیں چڑھ جاتی ہیں کہ حقائق و معارف کی روشنی کا ان میں گزر نہیں ہو سکتا۔
اس طرح کہ حروف اور ان کے مخارج وغیرہ کی تحقیق ہی پر اپنی توجہ کو منحصر کر دے اور جب توجہ انہی چیزوں کی طرف ہو گی تو معانی و مطالب کی طرف توجہ مبذول کرنے کا موقع ہی نہ ملے گا۔ یہ لوگ سطح دریا کے دلکش مناظر میں اس طرح کھو جاتے ہیں کہ انہیں یہ یاد ہی نہیں رہتا کہ اس کی تہہ میں کتنے خزانے مخفی ہیں کہ وہ موجوں سے کھیلیں اور لہروں سے ٹکرائیں اور اپنے دامن کو موتیوں سے بھریں۔
٭ آٹھویں یہ کہ قرآن کے حکم و مواعظ اور قصص و امثال پر غور کرے اور اس کے عبرت و نصیحت کے پہلوؤں کو دیکھے تو ان سے عبرت و نصیحت حاصل کرے اور ایسے موارد میں قدرت نے جہاں جہاں خطاب کیا ہے یہ تصور کرے کہ یہ خطاب اسی سے ہے۔ لہٰذا اس سے اسی طرح اثر لے جس طرح کسی فرمانروا کے فرمان کو پڑھ کر اثر لیا جاتا ہے اور اس پر ہر ممکن طریقہ سے عمل کیا جاتا ہے تا کہ سلطانی قہر و غضب کی زد میں نہ آئے۔
٭ نویں یہ کہ جب کسی ایسی آیت کی تلاوت کرے جس میں تہدید و سرزنش ہو تو اس پر خوف و ہراس چھا جائے اور جب ایسی آیت کی تلاوت کرے جس میں رحمت و مغفرت اور نعیم جنت کا تذکرہ ہو تو اس کے اندر امید و رجاء اور مسرت و انبساط کی روح دوڑنے لگے۔
٭ دسویں یہ کہ تلاوت کے موقع پر یہ سمجھے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑا ہے۔ اگر یہ اسے نہیں دیکھ سکتا مگر وہ اسے دیکھ رہا ہے اور گوش بر آواز ہے۔ جب اس تصور کے قائم کرنے میں کامیاب ہو جائے تو پھر یہ تصور کرے کہ خداوند عالم اس قرآن کے ذریعہ اس سے مخاطب ہے اور اسے اچھائیوں کا حکم دے رہا ہے اور برائیوں سے روک رہا ہے۔ جب اس منزل تک پہنچ جائے تو پھر اسی کو اپنے تصورات و خیالات کا مرکز بنائے۔ اس حد تک کہ فکر و خیال میں اس کے علاوہ کسی اور کی گنجائش نہ رہے، نہ اپنی ذات کی طرف نہ اپنے مال کی طرف اور نہ اہل و عیال کی طرف اور کلام کے پردہ میں متکلم سے لو لگائے۔ کیونکہ اس کا کلام اس کا آئینہ دار ہے۔ چنانچہ امام جعفر صادق علیہ السلام کا ارشاد ہے: وَاللهِ! لَقَدْ تَجَلَّى اللّٰهُ لِخَلْقِهِ فِیْ كَلَامِهٖ وَلٰكِنْ لَّا يُبْصِرُوْنَ۔ خدا کی قسم! قدرت اپنے کلام کے اندر اپنی مخلوقات کیلئے جلوہ گر ہے، لیکن وہ دیکھتے نہیں ہیں۔ ۶
گیارہویں یہ کہ جب کسی ایسی آیت کی تلاوت کرے جس میں نیکو کاروں کا تذکرہ اور ان کی مدح و توصیف ہو تو اپنے کو ان میں شمار نہ کرے اور نہ ان صفتوں کو اپنے پر منطبق کرنے کی کوشش کرے، بلکہ اس موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کرے کہ وہ مومنین کے صفات سے متصف ہو اور اللہ تعالیٰ اسے اہل صدق و صفا میں سے قرار دے۔ اور جب کسی ایسی آیت کی تلاوت کرے جس میں نا فرمانوں اور گنہگاروں کی مذمت ہو تو یہ سمجھے کہ جن لوگوں سے یہ خطاب ہے اور جنہیں یہ تنبیہہ و سرزنش کی جا رہی ہے ان میں ایک فرد وہ بھی ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ سے توبہ و انابت کرے، گناہوں سے مغفرت چاہے اور حسن عمل کی توفیق مانگے، تا کہ خداوند عالم اسے قرآن پر عمل کرنے والوں میں شمار کرے اور شفاعت قرآن اسے نصیب کرے۔