(۵۱) وَكَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ فِی التَّضَرُّعِ وَالْاِسْتِكَانَةِ۔ تضرع و فروتنی کے سلسلہ میں حضرتؑ ؑکی دعا۔

اِلٰهِیْۤ اَحْمَدُكَ
1
اے میرے معبود! میں تیری حمد و ستائش کرتا ہوں
1
وَاَنْتَ لِلْحَمْدِ اَهْلٌ
2
اور تو حمد و ستائش کا سزاوار ہے
2
عَلٰى حُسْنِ صَنِیْعِكَ اِلَیَّ
3
اس بات پر کہ تو نے میرے ساتھ اچھا سلوک کیا
3
وَسُبُوْغِ نَعْمَآئِكَ عَلَیَّ
4
مجھ پر اپنی نعمتوں کو کامل
4
وَجَزِیْلِ عَطَآئِكَ عِنْدِیْ
5
اور اپنے عطیوں کو فراواں کیا
5
وَعَلٰى مَا فَضَّلْتَنِیْ مِنْ رَّحْمَتِكَ
6
اور اس بات پر کہ تو نے اپنی رحمت کے ذریعہ مجھے زیادہ سے زیادہ دیا
6
وَاَسْبَغْتَ عَلَیَّ مِنْ نِّعْمَتِكَ
7
اور اپنی نعمتوں کو مجھ پر تمام کیا
7
فَقَدِ اصْطَنَعْتَ عِنْدِیْ مَا یَعْجِزُ عَنْهُ شُكْرِیْ
8
چنانچہ تو نے مجھ پر وہ احسانات کئے ہیں جن کے شکریہ سے قاصر ہوں
8
وَلَوْ لَاۤ اِحْسَانُكَ اِلَیَّ
9
اور اگر تیرے احسانات مجھ پر نہ ہوتے
9
وَسُبُوْغُ نَعْمَآئِكَ عَلَیَّ
10
اور تیری نعمتیں مجھ پر فراواں نہ ہوتیں
10
مَا بَلَغْتُ اِحْرَازَ حَظِّیْ
11
تو میں نہ اپنا حظ و نصیب فراہم کر سکتا تھا
11
وَلَاۤ اِصْلَاحَ نَفْسِیْ
12
اور نہ نفس کی اصلاح و درستی کی حد تک پہنچ سکتا تھا
12
وَلٰكِنَّكَ ابْتَدَاْتَنِیْ بِالْاِحْسَانِ
13
لیکن تو نے میرے حق میں اپنے احسانات کا آغاز فرمایا
13
وَرَزَقْتَنِیْ فِیْۤ اُمُوْرِیْ كُلِّهَا الْكِفَایَةَ
14
اور میرے تمام کاموں میں مجھے (دوسروں سے) بے نیازی عطا کی
14
وَصَرَفْتَ عَنِّیْ جَهْدَ الْبَلَآءِ
15
رنج و بلا کی سختی مجھ سے ہٹا دی
15
وَمَنَعْتَ مِنِّیْ مَحْذُوْرَ الْقَضَآءِ۔
16
اور جس حکم قضا کا اندیشہ تھا اسے مجھ سے روک دیا۔
16
اِلٰهِیْ، فَكَمْ مِن بَلَآءٍ جَاهِدٍ قَدْ صَرَفْتَ عَنِّیْ
17
اے میرے معبود! کتنی بلا خیز مصیبتیں تھیں جنہیں تو نے مجھ سے دور کر دیا
17
وَكَمْ مِنْ نِّعْمَةٍ سَابِغَةٍ اَقْرَرْتَ بِهَا عَیْنِیْ
18
اور کتنی ہی کامل نعمتیں تھیں جن سے تو نے میری آنکھوں کی خنکی و سرور کا سامان کیا
18
وَكَمْ مِّنْ صَنِیْعَةٍ كَرِیْمَةٍ لَّكَ عِنْدِیْ
19
اور کتنے ہی تو نے مجھ پر بڑے احسانات فرمائے ہیں
19
اَنْتَ الَّذِیْۤ اَجَبْتَ عِنْدَ الْاِضْطِرَارِ دَعْوَتِیْ
20
تو وہ ہے جس نے حالت اضطرار میں میری دعا قبول کی
20
وَاَقَلْتَ عِنْدَ الْعِثَارِ زَلَّتِیْ
21
اور (گناہوں میں) گرنے کے موقع پر میری لغزش سے درگزر کیا
21
وَاَخَذْتَ لِیْ مِنَ الْاَعْدَآءِ بِظُلَامَتِیْ۔
22
اور دشمنوں سے میرے ظلم و ستم سے چھنے ہوئے حق کو لے لیا۔
22
اِلٰهِیٍْ مَا وَجَدْتُّكَ بَخِیْلًا حِیْنَ سَئَلْتُكَ
23
بار الٰہا! میں نے جب بھی تجھ سے سوال کیا تجھے بخیل نہیں پایا
23
وَلَا مُنْقَبِضًا حِیْنَ اَرَدْتُّكَ
24
اور جب بھی تیری بارگاہ کا قصد کیا تجھے رنجیدہ نہیں پایا
24
بَلْ وَجَدْتُّكَ لِدُعَآئِیْ سَامِعًا
25
بلکہ تجھے اپنی دعا کی نسبت سننے والا
25
وَلِمَطَالِبِیْ مُعْطِیًا
26
اور اپنے مقاصد کا بر لانے والا ہی پایا
26
وَوَجَدْتُّ نُعْمَاكَ عَلَیَّ سَابِغَةً
27
اور میں نے تیری نعمتوں کو اپنے لیے فراواں پایا
27
فِیْ كُلِّ شَاْنٍ مِّنْ شَاْنِیْ
28
اپنے احوال میں سے ہر حال میں
28
وَكُلِّ زَمَانٍ مِّنْ زَمَانِیْ
29
اور اپنے زمانۂ (حیات) کے ہر لمحہ میں
29
فَاَنْتَ عِنْدِیْ مَحْمُوْدٌ
30
لہٰذا تو میرے نزدیک قابل تعریف
30
وَصَنِیْعُكَ لَدَیَّ مَبْرُوْرٌ
31
اور تیرا احسان لائق شکریہ ہے
31
تَحْمَدُكَ نَفْسِیْ وَلِسَانِیْ وَعَقْلِیْ
32
میرا جسم (عملاً) میری زبان (قولاً) اور میری عقل (اعتقاداً) تیری حمد و سپاس کرتی ہے
32
حَمْدًا یَّبْلُغُ الْوَفَآءَ وَحَقِیْقَةَ الشُّكْرِ
33
ایسی حمد جو حد کمال اور انتہائے شکر پر فائز ہو
33
حَمْدًا یَّكُوْنُ مَبْلَغَ رِضَاكَ عَنِّیْ
34
ایسی حمد جو میرے لیے تیری خوشنودی کے برابر ہو
34
فَنَجِّنِیْ مِنْ سُخْطِكَ۔
35
لہٰذا مجھے اپنی ناراضگی سے بچا۔
35
یَا كَهْفِیْ حِیْنَ تُعْیِیْنِی الْمَذَاهِبُ
36
اے میرے پناہ گاہ جبکہ (متفرق) راستے مجھے خستہ و پریشان کر دیں
36
وَیَا مُقِیْلِیْ عَثْرَتِیْ
37
اے میری لغزشوں کے معاف کرنے والے!
37
فَلَوْ لَا سَتْرُكَ عَوْرَتِیْ لَكُنْتُ مِنَ الْمَفْضُوْحِیْنَ
38
اگر تو میری پردہ پوشی نہ کرتا تو میں یقیناً رسوا ہونے والوں میں سے ہوتا
38
وَیَا مُؤَیِّدِیْ بِالنَّصْرِ
39
اے اپنی مدد سے مجھے تقویت دینے والے!
39
فَلَوْ لَا نَصْرُكَ اِیَّایَ لَكُنْتُ مِنَ الْمَغْلُوْبِیْنَ۔
40
اگر تیری مدد شریک حال نہ ہوتی تو میں مغلوب و شکست خوردہ لوگوں میں سے ہوتا۔
40
وَیَا مَنْ وَّضَعَتْ لَهُ الْمُلُوْكُ نِیْرَ الْمَذَلَّةِ عَلٰۤى اَعْنَاقِهَا
41
اے وہ جس کی بارگاہ میں شاہوں نے ذلت و خواری کا جوا اپنی گردن میں ڈال لیا ہے
41
فَهُمْ مِنْ سَطَوَاتِهٖ خَآئِفُوْنَ
42
اور وہ اس کے غلبہ و اقتدار سے خوف زدہ ہیں!
42
وَیَاۤ اَهْلَ التَّقْوٰى
43
اے وہ جو تقویٰ کا سزاوار ہے!
43
وَیَا مَنْ لَّهُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى‏
44
اے وہ کہ حسن و خوبی والے نام بس اسی کیلئے ہیں!
44
اَسْئَلُكَ اَنْ تَعْفُوَ عَنِّیْ وَتَغْفِرَ لِیْ
45
میں تجھ سے خواستگار ہوں کہ مجھ سے درگزر فرما اور مجھے بخش دے
45
فَلَسْتُ بَرِیْٓئًا فَاَعْتَذِرَ
46
کیونکہ میں بے گناہ نہیں ہوں کہ عذر خواہی کروں
46
وَلَا بِذِیْ قُوَّةٍ فَاَنْتَصِرَ
47
اور نہ طاقتور ہوں کہ غلبہ پا سکوں
47
وَلَا مَفَرَّ لِیْ فَاَفِرَّ
48
اور نہ گریز کی کوئی جگہ ہے کہ بھاگ سکوں
48
وَاَسْتَقِیْلُكَ عَثَرَاتِیْ
49
میں تجھ سے اپنی لغزشوں کی معافی چاہتا ہوں
49
وَاَتَنَصَّلُ اِلَیْكَ مِنْ ذُنُوْبِیَ الَّتِیْ قَدْ اَوْبَقَتْنِیْ
50
اور ان گناہوں سے جنہوں نے مجھے ہلاک کر دیا ہے
50
وَاَحَاطَتْ بِیْ فَاَهْلَكَتْنِیْ
51
اور مجھے اس طرح گھیر لیا ہے کہ مجھے تباہ کر دیا ہے
51
مِنْهَا فَرَرْتُ اِلَیْكَ رَبِّ
52
میں اے میرے پروردگار! ان گناہوں سے توبہ کرتے ہوئے تیری طرف بھاگ کھڑا ہوں
52
تَآئِبًا فَتُبْ عَلَیَّ
53
توبہ و معذرت کرتا ہوں، تو اب میری توبہ قبول فرما
53
مُتَعَوِّذًا فَاَعِذْنِیْ
54
تجھ سے پناہ چاہتا ہوں، مجھے پناہ دے
54
مُسْتَجِیْرًا فَلَا تَخْذُلْنِیْ
55
تجھ سے امان مانگتا ہوں، مجھے خوار نہ کر
55
سَآئِلًا فَلَا تَحْرِمْنِیْ
56
تجھ سے سوال کرتا ہوں، مجھے محروم نہ کر
56
مُعْتَصِمًا فَلَا تُسْلِمْنِیْ
57
تیرے دامن سے وابستہ ہوں، مجھے میرے حال پر چھوڑ نہ دے
57
دَاعِیًا فَلَا تَرُدَّنِیْ خَآئِبًا۔
58
اور تجھ سے دعا مانگتا ہوں، لہٰذا مجھے ناکام نہ پھیر۔
58
دَعَوْتُكَ یَا رَبِّ مِسْكِیْنًا مُّسْتَكِیْنًا
59
اے میرے پروردگار! میں نے ایسے حال میں تجھے پکارا ہے کہ میں بالکل مسکین، عاجز،
59
مُشْفِقًا خَآئِفًا وَّجِلًا
60
خوف زدہ، ترساں، ہراساں
60
فَقِیرًا مُّضْطَرًّاۤ اِلَیْكَ
61
بے سرو سامان اور لاچار ہوں
61
اَشْكُوْۤ اِلَیْكَ یَاۤ اِلٰهِیْ ضَعْفَ نَفْسِیْ
62
اے میرے معبود! میں گِلہ کرتا ہوں اپنی کمزوری و ناتوانی کا
62
عَنِ الْمُسَارَعَةِ فِیْمَا وَعَدْتَّهٗ اَوْلِیَآءَكَ
63
اس اجر و ثواب کی جانب جلدی کرنے میں جس کا تو نے اپنے دوستوں سے وعدہ کیا ہے
63
وَالْمُجَانَبَةِ عَمَّا حَذَّرْتَهٗ اَعْدَآءَكَ
64
اور اس عذاب سے دوری اختیار کرنے میں جس سے تو نے اپنے دشمنوں کو ڈرایا ہے
64
وَكَثْرَةَ هُمُوْمِیْ
65
نیز افکار کی زیادتی کا
65
وَوَسْوَسَةَ نَفْسِیْ۔
66
اور نفس کی پریشان خیالی کا شکوہ کرتا ہوں۔
66
اِلٰهِیٍْ لَمْ تَفْضَحْنِیْ بِسَرِیْرَتِیْ
67
اے میرے معبود! تو میری باطنی حالت کی وجہ سے مجھے رسوا نہ کرنا
67
وَلَمْ تُهْلِكْنِیْ بِجَرِیْرَتِیْ
68
اور میرے گناہوں کے باعث مجھے تباہ و برباد نہ ہونے دینا
68
اَدْعُوْكَ فَتُجِیْبُنِیْ
69
میں تجھے پکارتا ہوں تو تو مجھے جواب دیتا ہے
69
وَاِنْ كُنْتُ بَطِیْٓئًا حِیْنَ تَدْعُوْنِیْ
70
اور جب تو مجھے بلاتا ہے تو میں سستی کرتا ہوں
70
وَاَسْئَلُكَ كُلَّمَا شِئْتُ مِنْ حَوَآئِجِیْ
71
اور میں جو حاجت رکھتا ہوں تجھ سے طلب کرتا ہوں
71
وَحَیْثُ مَا كُنْتُ وَضَعْتُ عِنْدَكَ سِرِّیْ
72
اور جہاں کہیں ہوتا ہوں اپنے رازِ دلی تیرے سامنے آشکارا کرتا ہوں
72
فَلَاۤ اَدْعُوْ سِوَاكَ
73
اور تیرے سوا کسی کو نہیں پکارتا
73
وَلَاۤ اَرْجُوْ غَیْرَكَ
74
اور نہ تیرے علاوہ کسی سے آس رکھتا ہوں
74
لَبَّیْكَ لَبَّیْكَ
75
حاضر ہوں، میں حاضر ہوں!
75
تَسْمَعُ مَنْ شَكَاۤ اِلَیْكَ
76
جو تجھ سے شکوہ کرے تو اس کا شکوہ سنتا ہے
76
وَتَلْقٰى مَنْ تَوَكَّلَ عَلَیْكَ
77
اور جو تجھ پر بھروسا کرے اس کی طرف متوجہ ہوتا ہے
77
وَتُخَلِّصُ مَنِ اعْتَصَمَ بِكَ
78
اور جو تیرا دامن تھام لے اسے (غم و فکر سے) رہائی دیتا ہے
78
وَتُفَرِّجُ عَمَّنْ لَّاذَ بِكَ۔
79
اور جو تجھ سے پناہ چاہے اس سے غم و اندوہ کو دور کر دیتا ہے۔
79
اِلٰهِیْ! فَلَا تَحْرِمْنِیْ خَیْرَ الْاٰخِرَةِ وَالْاُوْلٰى لِقِلَّةِ شُكْرِیْ
80
اے میرے معبود! میرے ناشکرے پن کی وجہ سے مجھے دنیا و آخرت کی بھلائی سے محروم نہ کر
80
وَاغْفِرْ لِیْ مَا تَعْلَمُ مِنْ ذُنُوْبِیْ
81
اور میرے وہ گناہ جو تیرے علم میں ہیں بخش دے
81
اِنْ تُعَذِّبْ فَاَنَا الظَّالِمُ
82
اور اگر تو سزا دے تو اس لیے کہ میں ہی حد سے تجاوز کرنے والا
82
الْمُفَرِّطُ الْمُضَیِّعُ
83
سست قدم، زیاں کار
83
الْاٰثِمُ الْمُقَصِّرُ
84
عاصی، تقصیر پیشہ
84
الْمُضَجِّـعُ الْمُغْفِلُ حَظَّ نَفْسِیْ
85
غفلت شعار اور اپنے حظ و نصیب میں لاپرواہی کرنے والا ہوں
85
وَاِنْ تَغْفِرْ فَاَنْتَ اَرْحَمُ الرَّاحِمِیْنَ۔
86
اور اگر تو بخش دے تو اس لیے کہ تو سب رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔
86

یہ دعا خداوند عالم کی نعمتوں کے اقرار اور اپنے گناہوں کے اعتراف کے سلسلہ میں ہے۔ ”اقرار نعمت“ کے معنی یہ ہیں کہ تمام نعمتوں کا سرچشمہ ذات احدیت کو سمجھتے ہوئے ان پر شکر ادا کرے اور ”اعتراف گناہ“ کا مقصد یہ ہے کہ اپنے گناہوں پر اظہار ندامت کرتے ہوئے توبہ کرے۔ اس طرح نعمتوں کے اقرار سے نعمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور گناہوں کے اعتراف سے گناہ دھل جاتے ہیں۔ چنانچہ امام محمد باقر علیہ السلام کا ارشاد ہے:

لَا وَاللّٰهِ مَاۤ اَرَادَ اللّٰهُ تَعَالٰى مِنَ النَّاسِ اِلَّا خَصْلَتَيْنِ، اَنْ يُّقِرُّوْا لَهٗ بِالنِّعَمِ فَيَزِيْدَهُمْ، وَبِالذُّنُوْبِ فَيَغْفِرَهَا لَهُمْ

خدا کی قسم! اللہ بندوں سے صرف دو خصلتوں کا طلبگار ہے۔ ایک یہ کہ اس کی نعمتوں کا اقرار کریں تاکہ وہ ان میں اضافہ کرے، اور دوسرے یہ کہ اپنے گناہوں کا اعتراف کریں تا کہ وہ ان کے گناہوں کو معاف کر دے۔ ۱

خداوند عالم کی نعمتیں اس قدر ہیں کہ ان کا شمار ناممکن ہے۔ جیسا کہ قرآن مجید میں ہے وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَۃَ اللہِ لَا تُحْصُوْہَا ”اگر تم اس کی نعمتوں کو گننا چاہو تو گن نہیں سکتے“ ۲۔ اس نے اپنی رحمت و ربوبیت کے پیش نظر ہر فرد کی ضرورت اور اس کی بقا کا سامان مہیا کر دیا ہے اور زندگی کی بقا کیلئے جن چیزوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اسی قدر انہیں فراوانی سے پیدا کیا ہے اور ان تک رسائی کے وسائل آسان کر دیئے ہیں، تاکہ ہر شخص اپنی ضرورت و حاجت کے مطابق ان سے فائدہ حاصل کرے۔

چنانچہ ہر جاندار کی بقاء کیلئے سب سے ضروری چیز ”ہوا“ ہے۔ اس لیے زمین کا کوئی قطعہ اور معمورۂ عالم کا کوئی گوشہ اس سے خالی نہیں ہے اور انسان دنیا کے کسی حصہ میں ہو اسے سانس لینے کیلئے ہوا کے تلاش کرنے کی ضرورت نہ پڑے گی۔ ہوا کے بعد ”پانی“ کی ضرورت سب سے زیادہ ہے، اس لیے قدرت نے زمین کے نیچے پانی کا ایک وافر ذخیرہ جمع کر دیا ہے اور زمین کی سطح پر دریا اور چشمے رواں کر دیئے ہیں اور پھر وقتاً فوقتاً بادلوں سے مینہ برسانے کا سامان کر دیا ہے تاکہ جہاں زمین کھود کر پانی نہ نکالا جا سکے وہاں دریاؤں اور چشموں سے اور جہاں دریا اور چشمے نہ ہوں وہاں بادلوں سے سیرابی کا سامان ہو سکے۔ پانی کے بعد پھر ”غذا“ کی ضرورت سب سے زیادہ ہے، اس لیے اس نے زمین میں قوت نامیہ دوڑا کر روئیدگی کا انتظام کیا اور ہر مخلوق کی ضرورت و حاجت کے مطابق اس کے گرد نعمتیں پھیلا دی ہیں۔ چنانچہ ارشاد باری ہے وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيْہَا مَعَايِشَ ”ہم نے زمین میں تمہاری زندگی و معیشت کا سامان مہیا کر دیا ہے“ ۳۔ اور پھر انہیں حاصل کرنے کے طریقے بتلا دیئے ہیں۔

ان نعمتوں کا تقاضا تو یہ تھا کہ منعم کے احسانات و انعامات کو یاد رکھا جاتا اور ان نعمتوں کو معاصی میں صرف کرکے کفران نعمت کا ارتکاب نہ کیا جاتا، مگر اکثر افراد ان نعمتوں کو فراموش کر دیتے ہیں اور بے کھٹکے اس کی معصیت کرتے رہتے ہیں۔ حالانکہ ان نعمتوں کی حق ادائیگی کی ایک ہی صورت تھی کہ اس کے گناہوں سے بچ کر رہا جاتا۔ اور یوں تو اس کی کسی نعمت کا بھی حق ادا نہیں ہو سکتا اور اسی ادائے حق میں کوتاہی کا احساس خاصان خدا کو گناہوں سے محفوظ ہونے کے باوجود اس کی بارگاہ میں تقصیر و کوتاہی کے اقرار پر آمادہ کرتا ہے اور وہ اس کی بارگاہ میں گڑگڑاتے اور تضرع و زاری کے ساتھ توبہ و استغفار میں مصروف رہتے ہیں اور اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس سے عفو و درگزر کی بھیک مانگتے ہیں اور اپنے اعمال پر نازاں ہونے کے بجائے اعتراف عجز و تقصیر ہی کو سرمایۂ عبودیت سمجھتے ہیں۔

در کوی دوست شوکت شاهی نمی ‌خرند

اقرار بندگی کن و اظهار چاکری

الکافی، ج ۲ ص ۴۲۶

سورۂ نحل، آیت ۱۸

سورۂ اعراف، آیت ۱۰