(۵۴) وَكَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ فِی اسْتِكْشَافِ الْهُمُوْمِ۔ غم و اندوہ سے نجات حاصل کرنے کیلئے حضرتؑ کی دعا۔

یَا فَارِجَ الْهَمِّ، وَكَاشِفَ الْغَمِّ
1
اے رنج و اندوہ کے برطرف کرنے والے اور غم و الم کے دور کرنے والے!
1
یَا رَحْمٰنَ الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَةِ وَرَحِیْمَهُمَا
2
اے دُنیا و آخرت میں رحم کرنے والے اور دونوں جہانوں میں مہربانی فرمانے والے!
2
صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ
3
تو محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
3
وَافْرُجْ هَمِّیْ وَاكْشِفْ غَمِّیْ۔
4
اور میری بے چینی کو دور اور میرے غم کو برطرف کر دے۔
4
یَا وَاحِدُ یَاۤ اَحَدُ یَا صَمَدُ
5
اے اکیلے! اے یکتا! اے بے نیاز!
5
یَا مَنْ لَّمْ یَلِدْ وَلَمْ یُوْلَدْ
6
اے وہ جس کی کوئی اولاد نہیں اور نہ وہ کسی کی اولاد ہے
6
وَلَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌ
7
اور نہ اس کا کوئی ہمسر ہے!
7
اعْصِمْنِیْ وَطَهِّرْنِیْ
8
میری حفاظت فرما، اور مجھے (گناہوں سے) پاک رکھ
8
وَاذْهَبْ بِبَلِیَّتِیْ۔
9
اور میرے رنج و الم کو دور کر دے۔
9

وَاقْرَاْ اٰیَةَ الْكُرْسِیِّ وَالْمُعَوِّذَتَیْنِ وَقُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ۔ وَقُلْ:

اس مقام پر آیت الکرسی، قُل اعوذ برب النّاس، قل اعوذ بربّ الفلق اور قل ھو اللہ احد پڑھو اور یہ کہو:

اَللّٰهُمَّ اِنِّیْۤ اَسْئَلُكَ سُؤَالَ مَنِ اشْتَدَّتْ فَاقَتُهٗ
10
بار الٰہا! میں تجھ سے سوال کرتا ہوں اس شخص کا سا سوال جس کی احتیاج شدید
10
وَضَعُفَتْ قُوَّتُهٗ
11
قوت و توانائی ضعیف
11
وَكَثُرَتْ ذُنُوْبُهٗ
12
اور گناہ فراوان ہوں
12
سُؤَالَ مَنْ لَّا یَجِدُ لِفَاقَتِهٖ مُغِیْثًا
13
اس شخص کا سا سوال جسے نہ اپنی حاجت کے موقع پر کوئی فریاد رس
13
وَلَا لِضَعْفِهٖ مُقَوِّیًا
14
جسے نہ اپنی کمزوری کے عالم میں کوئی پشت پناہ
14
وَلَا لِذَنبِهٖ غَافِرًا غَیْرَكَ
15
اور جسے تیرے علاوہ کوئی گناہوں کا بخشنے والا دستیاب نہ ہو
15
یَا ذَا الْجَلَالِ وَالْاِكْرَامِ
16
اے جلالت و بزرگی والے!
16
اَسْئَلُكَ عَمَلًا تُحِبُّ بِهٖ مَنْ عَمِلَ بِهٖ
17
میں تجھ سے اس عمل (کی توفیق) کا سوال کرتا ہوں کہ جو اس پر عمل پیرا ہو تو اسے دوست رکھے
17
وَیَقِیْنًا تَنْفَعُ بِهٖ
18
اور ایسے یقین کا کہ جس کے باعث تو اُسے فائدہ و منفعت پہنچائے
18
مَنِ اسْتَیْقَنَ بِهٖ حَقَّ الْیَقِیْنَ فِیْ نَفَاذِ اَمْرِكَ۔
19
جو اس کے ذریعہ تیرے فرمان قضا پر پوری طرح متیقن ہو۔
19
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ
20
اے اللہ محمدؐ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما
20
وَاقْبِضْ عَلَى الصِّدْقِ نَفْسِیْ
21
اور مجھے حق و صداقت پر موت دے
21
وَاقْطَعْ مِنَ الدُّنْیَا حَاجَتِیْ
22
اور دنیا سے میری حاجت و ضرورت کا سلسلہ ختم کر دے
22
وَاجْعَلْ فِیْمَا عِنْدَكَ رَغْبَتِیْ شَوْقًاۤ اِلٰى لِقَآئِكَ
23
اور اپنی ملاقات کے جذبۂ اشتیاق کی بنا پر اپنے ہاں کی چیزوں کی طرف میری خواہش و رغبت قرار دے
23
وَهَبْ لِیْ صِدْقَ التَّوَكُّلِ عَلَیْكَ
24
اور مجھے اپنی ذات پر صحیح اعتماد و توکل کی توفیق عطا فرما
24
اَسْئَلُكَ مِنْ خَیْرِ كِتَابٍ قَدْ خَلَا
25
میں تجھ سے سابقہ نوشتۂ تقدیر کی بھلائی کا طالب ہوں
25
وَاَعُوْذُ بِكَ مِنْ شَرِّ كِتَابٍ قَدْ خَلَا
26
اور سابقہ سرنوشتِ تقدیر کی برائی سے پناہ مانگتا ہوں
26
اَسْئَلُكَ خَوْفَ الْعَابِدِیْنَ لَكَ
27
میں تجھ سے خواستگار ہوں تیرے عبادت گزار بندوں کے خوف کا
27
وَعِبَادَةَ الْخَاشِعِیْنَ لَكَ
28
عجز و فروتنی کرنے والوں کی عبادت کا
28
وَیَقِیْنَ الْمُتَوَكِّلِیْنَ عَلَیْكَ
29
توکل کرنے والوں کے یقین کا
29
وَتَوَكُّلَ الْمُؤْمِنِیْنَ عَلَیْكَ۔
30
اور ایمان داروں کے اعتماد و توکل کا۔
30
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْ رَغْبَتِیْ فِیْ مَسْئَلَتِیْ
31
بار الٰہا! طلب و سوال میں میری خواہش و رغبت کو ایسا ہی قرار دے
31
مِثْلَ رَغْبَةِ اَوْلِیَآئِكَ فِیْ مَسَآئِلِهِمْ
32
جیسی طلب و سوال میں تیرے دوستوں کی تمنا و خواہش ہوتی ہے
32
وَرَهْبَتِیْ مِثْلَ رَهْبَةِ اَوْلِیَآئِكَ
33
اور میرے خوف کو بھی اپنے دوستوں کے خوف کے مانند قرار دے
33
وَاسْتَعْمِلْنِیْ فِیْ مَرْضَاتِكَ عَمَلًا
34
اور مجھے اپنی رضا و خوشنودی میں اس طرح بر سر عمل رکھ
34
لَّاۤ اَتْرُكُ مَعَهٗ شَیْئًا مِّنْ دِیْنِكَ
35
کہ میں تیرے دین کی کسی بات کو ترک نہ کروں
35
مَخَافَةَ اَحَدٍ مِّنْ خَلْقِكَ۔
36
تیرے مخلوقات میں سے کسی ایک کے خوف سے۔
36
اَللّٰهُمَّ هٰذِهٖ حَاجَتِیْ
37
اے اللہ! یہ میری حاجت ہے
37
فَاَعْظِمْ فِیْهَا رَغْبَتِیْ
38
اس میں میری توجہ و رغبت کو عظیم کر دے
38
وَاَظْهِرْ فِیْهَا عُذْرِیْ
39
میرے عذر کو آشکارا کر
39
وَلَقِّنِّیْ فِیْهَا حُجَّتِیْ
40
اور اس کے بارے میں مجھے دلیل و حجت کی تعلیم کر
40
وَعَافِ فِیْهَا جَسَدِیْ۔
41
اور اس میں میرے جسم کو صحت و سلامتی بخش۔
41
اَللّٰهُمَّ مَنْ اَصْبَحَ لَهٗ ثِقَةٌ اَوْ رَجَآءٌ غَیْرُكَ
42
اے اللہ! جسے بھی تیرے سوا دوسرے پر بھروسا یا امید ہو
42
فَقَدْ اَصْبَحْتُ وَاَنْتَ ثِقَتِیْ وَرَجَآئِیْ فِی الْاُمُوْرِ كُلِّهَا
43
تو میں اس عالم میں صبح کرتا ہوں کہ تمام امور میں تو ہی اعتماد و امید کا مرکز ہوتا ہے
43
فَاقْضِ لِیْ بِخَیْرِهَا عَاقِبَةً
44
لہٰذا جو امور بلحاظ انجام بہتر ہوں وہ میرے لیے نافذ فرما
44
وَنَجِّنِیْ مِنْ مُّضِلَّاتِ الْفِتَنِ
45
اور مجھے اپنی رحمت کے وسیلہ سے گمراہ کرنے والے فتنوں سے چھٹکارا دے
45
بِرَحْمَتِكَ یَاۤ اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ۔
46
اے تمام رحم کرنے والوں میں سب سے زیادہ رحم کرنے والے۔
46
وَصَلَّى اللّٰهُ عَلٰى سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ رَّسُوْلِ اللّٰهِ الْمُصْطَفٰى
47
اور اللہ رحمت نازل کرے ہمارے سیّد و سردار
47
وَعَلٰۤى اٰلِهِ الطَّاهِرِیْنَ۔
48
فرستادۂ خدا محمد مصطفیٰؐ پر اور ان کی پاک و پاکیزہ آلؑ پر۔
48

یہ دعا ”ہم و غم“ اور ”رنج و کرب“ سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہے۔ دنیا میں ہر حساس آدمی کیلئے ایسے اسباب پیدا ہوتے رہتے ہیں جو دل و دماغ کو پراگندہ اور خیالات کو پاشان و پریشان کئے رہتے ہیں اور کسی طرح انسان ان ہموم و افکار سے بچ کر نہیں رہ سکتا اور اسے زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر حوادث سے دو چار ہونا ہی پڑتا ہے۔ اور اگر ان حوادث و آلام کا زمانہ طولانی ہو جائے تو پھر اس طرح یاس و قنوطیت اس پر چھا جاتی ہے کہ اس کے حواس کو معطل کرکے اسے تاریکیوں میں ٹھوکریں کھانے کیلئے چھوڑ دیتی ہے اور نتیجۃً نہ کسی کام میں اس کا جی لگتا ہے اور نہ دل جمعی سے کسی کام کو سر انجام دے سکتا ہے۔ ہر وقت دِل اچاٹ، طبیعت پریشان اور حواس پراگندہ سے رہتے ہیں۔ نہ کسبِ معاش میں جی لگتا ہے اور نہ عبادت و اطاعت پر دل آمادہ ہوتا ہے۔ اس لیے غم و اندوہ کی خلش اور فکر و اندیشہ کی کھٹک کا ازالہ ضروری اور اس کا تدارک لازمی ہے تا کہ انسان الجھنوں سے چھٹکارا پا کر دنیا و عقبیٰ کا اہتمام و انصرام کر سکے۔

”ہم“ اور ”غم“ میں فرق یہ ہے کہ جو فکر و اندیشہ مصیبت کے نازل ہونے سے پہلے ہو وہ ”ہم“ ہے اور جو مصیبت کے نازل ہونے کے بعد ہو وہ ”غم“ ہے۔ اور بعض کے نزدیک جس اندوہ و قلق کا چارہ ہو سکتا ہو وہ ”ہم“ ہے، جیسے فقر و افلاس، تنگی و عسرت اور جس کے تدارک پر انسان قادر نہ ہو وہ ”غم“ ہے، جیسے کسی عزیز کی موت۔

اس کا علاج یہ ہے کہ جو امور قابل تدارک ہیں اللہ پر بھروسا رکھتے ہوئے ان کا تدارک کرے۔ اس طرح کہ فقر و احتیاج کو دور کرنے کیلئے جو ذریعہ وہ اختیار کر سکتا ہے اسے اختیار کرے اور اگر اس میں کامیابی حاصل نہ کر سکے تو صبر و شکر کا سر رشتہ ہاتھ سے نہ دے اور یہ خیال کرے کہ فکر و اندیشہ سے حالت بدل نہیں سکتی، لہٰذا جس حالت میں ہو حالات کے سازگار ہونے کی توقع رکھے۔ اور اگر اس رنج و اندوہ کا علاج اس کے ہاتھ میں نہیں ہے تو اس پر غم کرنا بھی بے نتیجہ ہو گا۔ مثلاً کسی عزیز کے مرنے کا صدمہ ہے تو یہ سوچے کہ مرنے والے نے ایک نہ ایک دن بہرحال جدا ہونا تھا اور اگر وہ جدا نہ ہوتا تو یہ مر کر اس سے جدا ہوتا۔ تو جس سے جدا ہونا طے ہو اس کی جدائی پر اتنا صدمہ کیوں؟ کہ صبر و شکیب کے اجر کو کھو دیا جائے اور صبر و تحمل کے ثواب سے محروم رہا جائے جو اس سلب ہونے والی نعمت سے کہیں گراں قدر و گراں قیمت ہے۔ اس طرح نفس میں قوت اور دل میں ایک اطمینانی کیفیت پیدا ہو گی جو اس کیلئے تسلی و تسکین کا سامان فراہم کرے گی۔ اور اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دست بہ دعا بھی رہے کہ وہ غموں کے بادلوں کو چھانٹے اور رنج و اندوہ کی اندھیاریوں کو برطرف کرے اور غم دنیا کو بھلا کر غم آخرت کی یاد تازہ رکھنے کی توفیق دے۔

چنانچہ یہ دعا ہمیں یہی تعلیم دیتی ہے کہ انسان دنیا کے افکار و ہموم سے بچنے کی تو کوشش کرے اور ان سے محفوظ رہنے کیلئے اللہ تعالیٰ سے التجا کرے، مگر اپنے دل کو فکرِ آخرت سے غافل اور اندیشۂ فردا سے خالی نہ ہونے دے۔ اور یہی فکر و اندیشہ وہ ہے جو حیات دینی کا تقاضا اور عبودیت کا لازمہ ہے اور اس کے ہوتے ہوئے دنیا کے افکار و ہموم خود ہی چھٹ جاتے ہیں اور دل جمعی و یکسوئی حاصل ہو جاتی ہے۔ چنانچہ امام جعفر صادق علیہ السلام کا ارشاد ہے:

مَنْ اَصْبَحَ وَاَمْسٰى وَالدُّنْيَا اَكْبَرُ هَمِّهٖ جَعَلَ اللّٰهُ تَعَالَى الْفَقْرَ بَيْنَ عَيْنَيْهِ وَشَتَّتَ اَمْرَهٗ، وَلَمْ يَنَلْ مِنَ الدُّنْيَا اِلَّا مَا قَسَمَ اللّٰهُ لَهٗ۔ وَمَنْ اَصْبَحَ وَاَمْسٰى وَالْاٰخِرَةُ اَكْبَرُ هَمِّهٖ جَعَلَ اللّٰهُ الْغِنٰى فِیْ قَلْبِهٖ وَجَمَعَ لَهٗۤ اَمْرَهٗ

جو شخص اپنی زندگی کے صبح و شام اس طرح بسر کرے کہ اسے سب سے بڑی فکر دنیا ہی کی ہو تو اللہ تعالیٰ اسے فقر و فاقہ ہی دکھاتا ہے، اور اس کے معاملات کو پراگندہ کر دیتا ہے اور دنیا سے اسے وہی حاصل ہوتا ہے جو اس کے مقسوم میں ہوتا ہے۔ اور جو زندگی کے صبح و شام اس طرح گزارتا ہے کہ اسے سب سے بڑی فکر عقبیٰ کی ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے دل میں غنا و بے نیازی بھر دیتا ہے اور اس کے امور کو منظم فرما دیتا ہے۔ ۱

الکافی، ج ۲ ص ۳۱۹