(۷) وَكَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ اِذَا عَرَضَتْ لَهٗ مُهِمَّةٌ اَوْ نَزَلَتْ بِهٖ مُلِمَّةٌ وَّعِنْدَ الْكَرْبِ دُعا (۷) جب کوئی مہم درپیش ہوتی یا کوئی مصیبت نازل ہوتی یا کسی قسم کی بے چینی ہوتی تو حضرتؑ یہ دُعا پڑھتے تھے:

یَا مَنْ تُحَلُّ بِهٖ عُقَدُ الْمَكَارِهٖ
1
اے وہ جس کے ذریعہ مصیبتوں کے بندھن کھل جاتے ہیں
1
وَیَا مَنْ یُّفْثَاُ بِهٖ حَدُّ الشَّدَآئِدِ
2
اے وہ جس کے باعث سختیوں کی باڑھ کند ہو جاتی ہے
2
وَیَا مَنْ یُّلْتَمَسُ مِنْهُ الْمَخْرَجُ اِلٰى رَوْحِ الْفَرَجِ
3
اے وہ جس سے (تنگی و دشواری سے) وسعت و فراخی کی آسائش کی طرف نکال لے جانے کی التجا کی جاتی ہے
3
ذَلَّتْ لِقُدْرَتِكَ الصِّعَابُ
4
تو وہ ہے کہ تیری قدرت کے آگے دشواریاں آسان ہو گئیں
4
وَتَسَبَّبَتْ بِلُطْفِكَ الْاَسْبَابُ
5
تیرے لطف سے سلسلۂ اسباب برقرار رہا
5
وَجَرٰى بِقُدْرَتِكَ الْقَضَآءُ
6
اور تیری قدرت سے قضا کا نفاذ ہوا
6
وَمَضَتْ عَلٰۤى اِرَادَتِكَ الْاَشْیَآءُ
7
اور تمام چیزیں تیرے ارادہ کے رخ پر گامزن ہیں
7
فَهِیَ بِمَشِیَّتِكَ دُوْنَ قَوْلِكَ مُؤْتَمِرَةٌ
8
وہ بن کہے تیری مشیت کی پابند ہیں
8
وَبِاِرَادَتِكَ دُوْنَ نَهْیِكَ مُنْزَجِرَةٌ۔
9
اور بن روکے خود ہی تیرے ارادہ سے رکی ہوئی ہیں۔
9
اَنْتَ الْمَدْعُوُّ لِلْمُهِمَّاتِ
10
مشکلات میں تجھے ہی پکارا جاتا ہے
10
وَاَنْتَ الْمَفْزَعُ فِی الْمُلِمَّاتِ
11
اور بلیات میں تو ہی جائے پناہ ہے۔
11
لَا یَنْدَفِعُ مِنْهَاۤ اِلَّا مَا دَفَعْتَ
12
ان میں سے کوئی مصیبت ٹل نہیں سکتی مگر جسے تو ٹال دے
12
وَلَا یَنْكَشِفُ مِنْهَاۤ اِلَّا مَا كَشَفْتَ۔
13
اور کوئی مشکل حل نہیں ہو سکتی مگر جسے تو حل کر دے۔
13
وَقَدْ نَزَلَ بِیْ یَا رَبِّ مَا قَدْ تَكَاَّدَنِیْ ثِقْلُهٗ
14
پروردگارا! مجھ پر ایک ایسی مصیبت نازل ہوئی ہے جس کی سنگینی نے مجھے گرانبار کر دیا ہے
14
وَاَلَمَّ بِیْ مَا قَدْ بَهَظَنِیْ حَمْلُهٗ
15
اور ایک ایسی آفت آ پڑی ہے جس سے میری قوت برداشت عاجز ہو چکی ہے۔
15
وَبِقُدْرَتِكَ اَوْرَدْتَّهٗ عَلَیَّ
16
تو نے اپنی قدرت سے اس مصیبت کو مجھ پر وارد کیا ہے
16
وَبِسُلْطَانِكَ وَجَّهْتَهٗ اِلَیَّ۔
17
اور اپنے اقتدار سے میری طرف متوجہ کیا ہے۔
17
فَلَا مُصْدِرَ لِمَاۤ اَوْرَدْتَ
18
تو جسے تو وارد کرے اسے کوئی ہٹانے والا نہیں
18
وَلَا صَارِفَ لِمَا وَجَّهْتَ
19
اور جسے تو متوجہ کرے اسے کوئی پلٹانے والا نہیں
19
وَلَا فَاتِحَ لِمَاۤ اَغْلَقْتَ
20
اور جسے تو بند کرے اسے کوئی کھولنے والا نہیں
20
وَلَا مُغْلِقَ لِمَا فَتَحْتَ
21
اور جسے تو کھولے اسے کوئی بند کرنے والا نہیں
21
وَلَا مُیَسِّرَ لِمَا عَسَّرْتَ
22
اور جسے تو دشوار بنائے اسے کوئی آسان کرنے والا نہیں
22
وَلَا نَاصِرَ لِمَنْ خَذَلْتَ۔
23
اور جسے تو نظر انداز کرے اسے کوئی مدد دینے والا نہیں ہے۔
23
فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِهٖ
24
رحمت نازل فرما محمدؐ اور ان کی آلؑ پر
24
وَافْتَحْ لِیْ یَا رَبِّ بَابَ الْفَرَجِ بِطَوْلِكَ
25
اور اپنی کرم نوازی سے اے میرے پالنے والے میرے لئے آسائش کا دروازہ کھول دے
25
وَاكْسِرْ عَنِّیْ سُلْطَانَ الْهَمِّ بِحَوْلِكَ
26
اور اپنی قوت و توانائی سے غم و اندوہ کا زور توڑ دے
26
وَاَنِلْنِیْ حُسْنَ النَّظَرِ فِیْمَا شَكَوْتُ
27
اور میرے اس شکوہ کے پیشِ نظر اپنی نگاہِ کرم کا رخ میری طرف موڑ دے
27
وَاَذِقْنِیْ حَلَاوَةَ الصُّنْعِ فِیْمَا سَئَلْتُ
28
اور میری حاجت کو پورا کر کے شیرینئ احسان سے مجھے لذت اندوز کر
28
وَهَبْ لِیْ مِنْ لَّدُنْكَ رَحْمَةً وَّفَرَجًا هَنِیْٓئًا
29
اور اپنی طرف سے رحمت اور خوشگوار آسودگی مرحمت فرما
29
وَاجْعَلْ لِیْ مِنْ عِنْدِكَ مَخْرَجًا وَّحِیًّا۔
30
اور میرے لئے اپنے لطف خاص سے جلد چھٹکارے کی راہ پیدا کر۔
30
وَلَا تَشْغَلْنِیْ بِالِاهْتِمَامِ عَنْ تَعَاهُدِ فُرُوْضِكَ
31
اور اس غم و اندوہ کی وجہ سے غفلت میں نہ ڈال دے اپنے فرائض کی پابندی سے
31
وَاسْتِعْمَالِ سُنَّتِكَ۔
32
اور مستحبات کی بجا آوری سے۔
32
فَقَدْ ضِقْتُ لِمَا نَزَلَ بِیْ یَا رَبِّ ذَرْعًا
33
کیونکہ میں اس مصیبت کے ہاتھوں تنگ آ چکا ہوں
33
وَامْتَلَاْتُ بِحَمْلِ مَا حَدَثَ عَلَیَّ هَمًّا
34
اور اس حادثہ کے ٹوٹ پڑنے سے دل رنج و اندوہ سے بھر گیا ہے
34
وَاَنْتَ الْقَادِرُ عَلٰى كَشْفِ مَا مُنِیْتُ بِهٖ
35
تو ہی قادر ہے جس مصیبت میں مبتلا ہوں اس کے دور کرنے پر
35
وَدَفْعِ مَا وَقَعْتُ فِیْهِ
36
اور جس بلا میں پھنسا ہوا ہوں اس سے نکالنے پر۔
36
فَافْعَلْ بِیْ ذٰلِكَ وَاِنْ لَّمْ اَسْتَوْجِبْهُ مِنْكَ
37
لہٰذا اپنی قدرت کو میرے حق میں کار فرما کر اگرچہ تیری طرف سے میں اس کا سزا وار نہ قرار پا سکوں
37
یَا ذَا الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ
38
اے عرش عظیم کے مالک۔
38

جب زہرِ غم رگ و پے میں اترتا اور کرب و اندوہ کے شراروں سے دل و دماغ پھنکتا ہے تو درد و اَلم کی ٹیسیں سکون و قرار چھین لیتی ہیں اور صبر و شکیب کا دامن ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے۔ نہ تسلّی و تسکین کا کوئی سامان نظر آتا ہے، نہ صبر و ضبط کی کوئی صورت۔ ایسی حالت میں یاس و ناامیدی کبھی جنون و دیوانگی میں مبتلا اور کبھی موت کا سہارا ڈھونڈنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ اگر انسان اس موقع پر بلند نظری سے کام لے تو اسے ایک ایسا سہارا مل سکتا ہے جو حوادث و آلام کے بھنور اور رنج و اندوہ کے سیلاب سے نکال لے جا سکتا ہے اور وہ سہارا اللہ ہے جو اضطراب کی تسلّی اور درد و کرب کا چارہ کر سکتا ہے۔ چنانچہ امیرالمومنین علیہ السلام کا ارشاد ہے: اِذَا اشْتَدَّ الْفَزَعُ فَاِلَى اللّٰهِ الْمَفْزَعُ جب بے چینی حد سے بڑھ جائے تو پھر اللہ ہی تسکین کا مرکز ہے۔۱

اور اگر اللہ کی ہستی پر ایمان نہ بھی ہو جب بھی فطرتِ خوابیدہ کروٹ لے کر اس کا راستہ دکھا دیتی ہے اور مصیبت و بیچارگی کسی ان دیکھی ہستی کے آگے جھکنے اور اُس کا سہارا لینے کیلئے پکارتی ہے۔ چنانچہ ایک شخص نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے وجودِ باری کے سلسلہ میں گفتگو کی تو آپؑ نے اُس سے دریافت فرمایا کہ تمہیں کشتی پر سوار ہونے کا کبھی اتفاق ہوا ہے؟ اس نے کہا کہ ہاں۔ فرمایا: کبھی ایسا اتفاق بھی پیش آیا ہے کہ کشتی بھنور میں گھِر گئی ہو اور سمندر کی تلملاتی لہروں نے تمہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا ہو؟ اس نے کہا کہ جی ہاں! ایسا بھی ہوا ہے۔ فرمایا کہ اس وقت تمہارے دل میں کوئی خیال پیدا ہوا تھا؟ کہا کہ ہاں! جب ہر طرف سے مایوسی ہی مایوسی نظر آنے لگی تو میرا دل کہتا تھا کہ ایک ایسی بالا دست قوت بھی موجود ہے جو چاہے تو اس بھنور سے مجھے نکال لے جا سکتی ہے۔ فرمایا: بس وہی تو خدا تھا جو انتہائی مایوس کن حالتوں میں بھی مایوس نہیں ہونے دیتا اور جب کوئی سہارا نہ رہے تو وہ سہارا ثابت ہوتا ہے۔۲

چنانچہ جب انسان اللہ تعالیٰ پر مکمل یقین و اعتماد پیدا کر کے اس پر اپنے امور کو چھوڑ دیتا ہے تو وہ اپنی ذہنی قوتوں کو منتشر ہونے سے بچا لے جاتا ہے اور جب ہمہ تن اس کی یاد میں کھو جاتا ہے تو الجھنیں اور پریشانیاں اس کا ساتھ چھوڑ دیتی ہیں۔ کیونکہ ذہن کا سکون اور قلب کی طمانینت اس کے ذکر کا لازمی نتیجہ ہے۔ جیسا کہ ارشادِ الٰہی ہے: اَلَا بِذِكْرِ اللہِ تَطْمَىِٕنُّ الْقُلُوْبُ۝ دل تو اللہ تعالیٰ کے ذکر سے مطمئن ہو جاتے ہیں۔۳

وہ لوگ جو اطمینان کو بظاہر غم غلط کرنے والی کیفیت انگیز و مسرت افزا چیزوں میں تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ کبھی سکون و اطمینان حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کیونکہ نہ عشرت کدوں میں اطمینان نظر آتا ہے، نہ تاج و دیہیم کے سایوں میں، نہ نغمہ و سرود کی محفلوں میں سکون و قرار بٹتا ہے، نہ ناؤ و نوش کی مجلسوں میں۔ بے شک ہر موقع پر ذکر و عبادت کیلئے دل آمادہ اور طبیعت حاضر نہیں ہوتی خصوصاً جب کہ انسان کسی مصیبت کی وجہ سے ذہنی کشمکش میں مبتلا ہو۔ اس لئے کہ مصیبت بہرصورت مصیبت ہے اور اس سے متاثر ہونا طبعی و فطری ہے۔ تو ایسے موقع پر نوافل سے دست کش ہوا جا سکتا ہے۔ مگر بہت سے لوگ ایسے بھی ملیں گے جو پریشان کُن حالات میں فرائض تک سے غافل ہو جاتے ہیں۔ تو انہیں امام علیہ السلام کی اس دعا پر نظر کرنا چاہیے کہ وہ بارگاہِ الٰہی میں یہ دعا کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ: خواہ کتنے جانکاہ حوادث و آلام سے سابقہ پڑے ،مگر تیرے فرائض و نوافل سے غفلت نہ ہونے پائے، کیونکہ فرائض بہرصورت فرائض ہیں اور نوافل عبودیت کا تقاضا ہیں۔ اور ایسا نہ ہو کہ مصائب و آلام کے تاثرات عبودیت کے اظہار پر غالب آ جائیں۔

الکافی، ج ۲، ص ۴۶۸

بحارالانوار، ج ۳، ص ۴۱

سورۂ رعد، آیت ۲۸