بِسْمِ اللهِ الَّذِیْ لَاۤ اَرْجُوْۤ اِلَّا فَضْلَهٗ
1
اس اللہ کے نام سے مدد مانگتا ہوں جس کے فضل و کرم ہی کا امیدوار ہوں
1
وَلَاۤ اَخْشٰۤى اِلَّا عَدْلَهٗ
2
اور جس کے عدل ہی سے اندیشہ ہے
2
وَلَا اَعْتَمِدُ اِلَّا قَوْلَهٗ
3
اسی کی بات پر مجھے بھروسا ہے
3
وَلَاۤ اَتَمَسَّكُ اِلَّا بِحَبْلِهٖ۔
4
اور اس کی رسی سے وابستہ ہوں۔
4
بِكَ اَسْتَجِیْرُ یَا ذَا الْعَفْوِ وَالرِّضْوَانِ
5
اے عفو و خوشنودی کے مالک! میں تجھ ہی سے پناہ مانگتا ہوں
5
مِنَ الظُّلْمِ وَالْعُدْوَانِ
6
وَمِنْ غِیَرِ الزَّمَانِ
7
وَتَواتُرِ الْاَحْزَانِ
8
وَمِنْ طَوَارِقِ الْحَدَثَانِ
9
اور نازل ہونے والی مصیبتوں سے
9
وَمِنِ انْقِضَآءِ الْمُدَّةِ قَبْلَ التَّاَهُّبِ وَالْعُدَّةِ۔
10
اور اس بات سے کہ آخرت کا ساز و سامان اور زادِ راہ مہیّا کرنے سے پہلے ہی مدت حیات ختم ہو جائے۔
10
وَاِیَّاكَ اَسْتَرْشِدُ لِمَا فِیْهِ الصَّلَاحُ وَالْاِصْلَاحُ
11
اور تجھ ہی سے ان چیزوں کی رہنمائی چاہتا ہوں جن میں اپنی بہبودی اور دوسروں کی فلاح و درستی کا سامان ہو
11
وَبِكَ اَسْتَعِیْنُ فِیْمَا یَقْتَرِنُ بِهِ النَّجَاحُ وَالْاِنْجَاحُ
12
اور تجھ ہی سے مدد مانگتا ہوں ان باتوں کی جن میں اپنی فلاح و کامرانی اور دوسرے کو کامیاب بنانے کی صورت مضمر ہو
12
وَایَّاكَ اَرْغَبُ فِیْ لِبَاسِ الْعَافِیَةِ وَتَمَامِهَا
13
اور تجھ ہی سے خواہشمند ہوں لباس عافیت (کے پہنانے) اور اسے اتمام تک پہنچانے کا
13
وَشُمُوْلِ السَّلَامَةِ وَدَوَامِهَا۔
14
اور سلامتی کے شامل حال ہونے اور اس کے دائم و بر قرار رہنے کا۔
14
وَاَعُوْذُ بِكَ یا رَبِّ مِنْ هَمَزَاتِ الشَّیٰطِیْنِ
15
اور تیرے ہی ذریعہ اے میرے پروردگار! پناہ مانگتا ہوں شیطان کے وسوسوں سے
15
وَاَحْتَرِزُ بِسُلْطانِكَ مِنْ جَوْرِ السَّلَاطِیْنِ۔
16
اور تیرے ہی تسلط و اقتدار کے ذریعہ تحفظ چاہتا ہوں فرمانرواؤں کے ظلم و جور سے۔
16
فَتَقَبَّلْ مَا كَانَ مِنْ صَلٰوتِیْ وَصَوْمِیْ
17
تو میری گزشتہ نمازوں اور روزوں کو قبول فرما
17
وَاجْعَلْ غَدِیْ وَمَا بَعْدَهٗ اَفَضَلَ مِنْ سَاعَتِیْ وَیَوْمِیْ
18
اور کل کے دن اور اس کے بعد کے دنوں کو آج کی گھڑی اور آج کے دن سے بہتر قرار دے
18
وَاَعِزَّنِیْ فِیْ عَشِیْرَتِیْ وَقَوْمِیْ
19
اور مجھے اپنے قوم و قبیلہ میں عزت و توقیر دے
19
وَاحْفَظْنِیْ فِیْ یَقْظَتِیْ وَنَوْمِیْ۔
20
اور خواب و بیداری کی حالت میں میری حفاظت فرما۔
20
فَاَنْتَ اللّٰهُ خَیْرٌ حَافِظًا
21
تو ہی وہ اللہ ہے جو سب سے بہتر نگران و محافظ ہے
21
وَاَنْتَ اَرْحَمُ الرَّاحِمِیْنَ۔
22
اور تو ہی سب رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔
22
اَللّٰهُمَّ اِنِّیْۤ اَبْرَاُ اِلَیْكَ فِیْ یَوْمِیْ هٰذَا
23
اے اللہ ! میں تیری بارگاہ میں اس اتوار میں
23
وَمَا بَعْدَهٗ مِنَ الْاٰحَادِ
24
اور بعد کے اتواروں میں
24
مِنَ الشِّرْكَ وَالْاِلْحَادِ
25
شرک و بے دینی سے بیزاری کا اظہار کرتا ہوں
25
وَاُخْلِصُ لَكَ دُعَآئِیْ تَعَرُّضًا لِّلْاِجَابَةِ
26
اور قبولیت کی خاطر خلوص نیت کے ساتھ تجھ سے دعا کرتا ہوں
26
وَاُقِیْمُ عَلٰى طَاعَتِكَ رَجَآءً لِّلْاِثَابَة۔
27
اور بامید ثواب تیری اطاعت و فرمانبرداری پر بر قرار ہوں۔
27
فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّاٰلِ مُحَمَّدٍ
28
لہٰذا تو (حضرت) محمدؐ پر رحمت نازل فرما
28
خَیْرِ خَلْقِكَ، الدَّاعِیْ اِلٰى حَقِّكَ
29
جو بہترين خلائق اور حق کے نمائندے ہیں
29
وَاَعِزَّنِیْ بِعِزِّكَ الَّذِیْ لَا یُضَامُ
30
اور اپنی اس عزت کے وسیلہ سے جسے مغلوب نہیں کیا جا سکتا مجھے عزت و بزرگی دے
30
وَاحْفَظْنِیْ بِعَیْنِكَ الَّتِیْ لَا تَنَامُ
31
اور اپنی اس آنکھ سے میری حفاظت فرما جو خواب آلودہ نہیں ہوتی
31
وَاخْتِمْ بِالْاِنْقِطَاعِ اِلَیْكَ اَمْرِیْ
32
اور میرے ہر کام کا انجام اپنے دامن سے وابستگی
32
وَبِالْمَغْفِرَةِ عُمْرِیْ
33
اور میری عمر کا خاتمہ اپنی مغفرت و آمرزش پر قرار دے
33
اِنَّكَ اَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ۔
34
بلا شبہ تو بخشنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔
34
لمحے ساعتوں میں اور ساعتیں دنوں میں اور دِن ہفتوں میں ڈھل کر اور ہفتے مہینوں میں اور مہینے سالوں میں تبدیل ہو کر ہلکے پھلکے بادلوں کی طرح اڑتے چلے جا رہے ہیں جنہیں نہ کہیں ٹھہراؤ ہے نہ قرار۔ اور انہی گریز پا لمحوں اور مختصر دنوں کے مجموعہ کا نام زندگی ہے۔ جب یہ دِن سمٹ جائیں گے تو زندگی کا شیرازہ بکھر جائے گا اور دنوں کے ختم ہوتے ہی زندگی ختم ہو جائے گی۔ اس لحاظ سے ایک ایک دن بلکہ ایک ایک دقیقہ اور ایک ایک لمحہ بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ کیونکہ ایک دن کے گزرنے سے ہماری زندگی میں ایک دن کی کمی ہو جاتی ہے۔ اور یہ دِن اتنا قیمتی سرمایہ ہے کہ جب ہاتھ سے نِکل جاتا ہے، تو پھر سیم و زر کے خزانے بھی اس دولتِ رفتہ کو واپس نہیں لا سکتے۔ اگر زندگی کی کچھ قیمت ہے تو دِن کی قیمت سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور زندگی کی کچھ اہمیت ہے تو دن کی اہمیت بھی مسلم ہو گی۔
یہی ایک دِن ہمارے لیے تباہی و ہلاکت کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے اور اسی ایک دن سے زندگی کیلئے مفید نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں اور زندگی کی ناہمواریوں کو ہموار کیا جا سکتا ہے۔ وہ بھی دن ہے جو مفسدوں کو جنم دیتا، مہلک گناہوں میں کٹتا اور عمرِ گزشتہ کی نیکیوں پر پانی پھیر دیتا ہے اور وہ بھی دن ہے جو اصلاحِ نفس، تہذیب کردار اور توبہ و انابت میں گزرتا ہے اور پچھلے گناہوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جاتا ہے۔ دن ہونے میں دونوں برابر ہیں مگر نتائج کے لحاظ سے ان میں اتنا ہی فرق ہے جتنا زہر اور تریاق، اور جہنم کے شعلوں اور فردوس کے لالہ زاروں میں۔ لہٰذا زندگی اور اس کے مآب کو کامیاب بنانے کیلئے دن کے لمحات کو کامیاب بنانے کی ضرورت ہے اور دن کو کامیاب بنانے کیلئے ہمارے سامنے وہ عملی مثالیں موجود ہیں جو آلِ محمد علیہ السلام کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کے ایسے تعلیمات بھی ہیں جن کی پیروی ہماری زندگی کی کامیابی کی ضامن ہے۔ جب انسان ان کی قائم کر دہ بنیادوں پر اپنی زندگی کی تعمیر کرتا ہے تو وہ صرف اپنی ہی زندگی کو کامیاب نہیں بناتا، بلکہ دنیائے انسانیت کیلئے ایک مثالی کردار کا نمونہ بن کر دوسروں کو کامیابی کی راہیں دکھاتا ہے۔
چنانچہ یہ ”ہفت ہیکل“ یعنی ہفتہ کے سات دنوں کی سات دعائیں ان تعلیمات پر مشتمل ہیں جو مبدا و معاد سے وابستگی پیدا کرکے زندگی کو کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کرتے ہیں اور ایک ایک دن کی اہمیت کی طرف متوجہ کرکے اللہ تعالیٰ سے لو لگانے، اس کے عدل کے تقاضوں سے ڈرنے، شرک و الحاد سے بچنے، حقوق اللہ و حقوق العباد سے عہدہ بر آ ہونے، زادِ آخرت کے مہیا کرنے اور صرف اسی سے امیدیں وابستہ کرنے کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر شخص ذہنی لحاظ سے کسی الجھن میں یا جسمانی اعتبار سے کسی تکلیف میں مبتلا یا کسی پیش آئند خطرہ سے ہراساں ہوتا ہے، اسے اپنے دن کی ابتدا اس دعا سے کرنا چاہیے جو اس دن سے مخصوص ہے تاکہ اللہ تعالیٰ سے رجوع و وابستگی، مصائب و آلام، حوادث و فتن اور بلیات و آفات سے مامون و محفوظ رکھے۔
زیر نظر دعا روز یک شنبہ کی دعا ہے جس میں زمانے کے حوادث، دنیا کے رنج و اندوہ، شیطان کے وساوس اور سلاطین جور کے ظلم و ستم سے پناہ مانگی ہے اور اس کے ساتھ دنیا و آخرت کی کامیابی، عزت و توقیر، صحت و سلامتی، صلاح و بہبودی، اعمال صالحہ کی توفیق، روزہ و نماز کی پذیرائی، دعا کی قبولیت اور حسن انجام اور خاتمہ بالخیر کی التجا کی ہے اور انہی چیزوں میں زندگی کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔